ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرینگے: نگراں وزیر صحت
لاہور (مقصودخالد) وزیر صحت پرائمری سیکنڈری ڈاکٹر جمال ناصر نے سیکرٹری پرائمری سیکنڈری علی جان خان کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دےدیا ۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے روزنامہ ”مشرق “ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا ہے کہ پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو سو فیصد مفت سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے حکم پر پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے دورے کرکے وہاں پر سسٹم کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر ناصر جمال نے کہا کہ سیکرٹری صحت اور انکی ٹیم میں ایماندار اور فرض شناس افسر پروجیکٹ ڈائریکٹر ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فاروق کی ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں سکریننگ کرنے پر انکی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا ایسے لوگ نہ صرف محکمہ صحت بلکہ ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔

















