اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزارت دفاع نے کہاہے فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں جبکہ آئی جی پنجاب نے بھی سکیورٹی سے معذرت کرلی،تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میںاجلاس ہوئے۔
اجلاسوں کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیاچیف سیکرٹری ،آئی جی پنجاب نے 30 اپریل کو الیکشن کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ،اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں سکیورٹی انتظامات پربریفنگ دی اور بتایا پولیس مردم شماری کرنیوالوں کیساتھ ڈیوٹی کررہی ہے ،رمضان میں بھی پولیس اہلکاروں کی اضافی ڈیوٹی ہوگی۔
الیکشن 2018 کے دوران 3 ہزار 330 انتخابی مہم کے پروگرامات کا انعقاد ہوا، الیکشن کیلئے پولیس کیساتھ ساتھ پاک فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے،چیف سیکرٹری پنجاب نے بریفنگ میں بتایا 40 ہزارٹیچر مردم شماری کی ڈیوٹی پر مامور ہیں، موجودہ حالات میں صاف شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔
سیکرٹری دفاع نے الیکشن کمیشن کوملک بھر میں سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی اور آگاہ کیاپاک فوج کیلئے سرحدوں اور ملک کی حفاظت ترجیح ہے۔
سیکرٹری دفاع نے انتخابات کی سکیورٹی کیلئے پاک فوج کے اہلکاروں کی فراہمی سے انکار کرتے ہوئے کہاپاک فوج الیکشن کیلئے صرف کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر فراہم کی جاسکتی ہے۔
جوان الیکشن کی سٹیٹک ڈیوٹی کیلئے فراہم نہیں کئے جاسکتے۔
فوج الیکشن ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں،وزارت دفاع ، آئی جی پنجاب کی بھی سکیورٹی سے معذرت
















