لاہور (ہیلتھ رپورٹر) محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرنے پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں پرائمری انجیوپلاسٹی کیلئے آنے والے مریضوں کیلئے احسن قدم اٹھالیا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکے افسران پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دےدی گئی۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اور صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر کی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزراءصحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرنے اجلاس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوزمیں پرائمری انجیوپلاسٹی کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پرکہاکہ صحت کے دونوں محکمہ جات نے پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں پرائمری انجیوپلاسٹی کیلئے آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے سرجوڑلئے ہیں۔ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر 60 سے زائد مریضوں کو پرائمری انجیوپلاسٹی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سرکاری کارڈیالوجی ہسپتالوں میں آنےوالے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔ اضلاع میں دل کے مریضوں کو پرائمری انجیوپلاسٹی کی سہولت دینے کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے منتخب نجی ہسپتالوں کی خدمات حاصل کرنے کی تجویزپربھی غور کیا جا رہا ہے۔ امراض قلب میں مبتلامریضوں کو علاج ومعالجہ کی مزیدسہولت فراہم کرنے کیلئے صحت کے دونوں محکمہ جات کے درمیان کوآرڈنیشن کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے۔ ہم امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے علاج ومعالجہ میں چیسٹ پین کی بین الاقوامی گائیڈ لائنز پر سو فیصد عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حال ہی میں پرائمری انجیوپلاسٹی کے حوالے سے ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا ہے۔ صوبائی وزیرمحکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹرجمال ناصرنے اس موقع پر کہا کہ امراض قلب میں مبتلامریضوں کوعلاج و معالجہ کی مزیدسہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت کے دونوں محکمہ جات میں مضبوط کوارڈنیشن کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں امراض قلب میں مبتلامریضوں کیلئے مزیدآسانیاں پیداکریں گے۔ وزیراعلی پنجاب کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے اس موقع پرکہاکہ اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مضبوط سٹریٹجی کی ضرورت ہے۔ اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو گھرسے ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ریسکیو 1122کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس موقع پر کہا کہ اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو علاج ومعالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پروٹوکولز طے کرلئے جائیں گے۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر علی جان خان نے کہاکہ اضلاع میں امراض قلب کے مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ صحت کے دونوں محکمہ جات کی بہترکوارڈنیشن سے امراض قلب کے مریضوں کو بہترسہولیات فراہم ہوں گی۔
دل کے مریضوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی کیلئے سرجوڑلئے : ڈاکٹر جاوید اکرم

















