کالعدم ٹی ٹی پی کو آباد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا،عمران خان


لاہور(خبر نگار)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے میری جان کو وزیر اعظم ،وزیر داخلہ سے ہی خطرہ ہے اس لیے سپریم کورٹ سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں کیونکہ حکومت پر اعتبار نہیں،لاہور میں تمام جماعتیں سیاسی سرگرمیاں کررہی ہیں لیکن نگران حکومت نے صرف پی ٹی آئی ریلی پر پابندی لگائی
،کیا آئندہ الیکشن انتخابی مہم کے بغیر لڑیں گے؟ اب صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں کم وقت رہ گیا ،انتخابی جلسوں کیلئے اپنا پورا لائحہ عمل جلد ہی دیں گے،عمران خان نے مزید کہامجھے اپنے خلاف مقدمات میں عدالت میں پیش ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں مگر میری جان کو خطرہ ہے اس لیے عدالت سے تحفظ مانگ رہے ہیں اور اگر عدلیہ سکیورٹی نہیں دے سکتی تو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے، وزارت داخلہ نے بڑے واضح طور پر کہا میری جان کو خطرہ ہے
، میں عدالت سے یہی کہہ رہا ہوں اگر جان خطرے میں ہے تو سکیورٹی دیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا،عمران خان نے ا لزام عائد کرتے ہوئے کہاوزیر اعظم اور وزیر داخلہ مجھے مارنے کی سازش میں ملوث تھے،2مرتبہ لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوا تو کوئی خاطر خواہ سکیورٹی نہیں تھی اگر کوئی واردات کرنا چاہے تو کر سکتا ہے،عمران خا ن نے مزید کہا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو واپس آباد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا
،اب بھی حل صرف مذاکرات ہیںاگر کسی چیز پر مذاکرات نہیں ہو سکتے تو پھر آپ کو بندوقیں اٹھانی پڑیں گی،افغان طالبان نے پاکستان سے مطالبہ کیاکالعدم ٹی ٹی پی کے 30 سے 40 ہزار لوگ افغانستان میں ہیں، واپس لے جاؤ، 5 سے 6 ہزار جنگجو بھی تھے جب افغان طالبان نے کہہ دیا واپس لے جاؤ تو ہمارے پاس کیا راستہ تھا؟ پکڑ کر ماردیتے یا پھر مقامی افراد کی مشاورت سے معاشرتی دھارے میں واپس لیکرآتے، کوئی تیسری چوائس نہیں تھی، جب افغانستان کی طرف سے کہا گیا پاکستان کے شہری ہیں واپس لے لو تو کیا کرتا پاکستان؟
پاکستان کے پاس مذاکرات کر کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں تھااگرآپ پاکستان میں لے آئے اور بحال بھی نہیں کیا تو مسائل تو آنے تھے، حل یہی ہے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کریںپہلی کوشش تو ہونی چاہیے انتشار نہ ہوں،مقامی لوگوں کو شامل کرنا بہت ضروری ہے،
سابق وزیراعظم نے مزید کہا گزشتہ برس موسم گرما میں انتہا پسندی نے سر اٹھانا شروع کیا، پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت سے کہا بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے آپ کچھ کریں لیکن وفاقی حکومت نے مسئلے پر کوئی رسپانس نہیں دیا۔