ڈالر کی بڑھتی قیمت، پنجاب پولیس کو یونیفارم کی خریداری میں مشکلات

لاہور(مرزا ندیم بیگ)ڈالر کے بڑھتے ہوئے ریٹ کے باعث پنجاب پولیس کو یونیفارم کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے، چند روز پہلے ہونے والی بڈز میں پنجاب پولیس کی طرف سے دیئے گئے ریٹ پر یونیفارم کا ٹینڈر نہ ہو سکا۔

پنجاب پولیس کی طرف سے فی یونیفارم 3700روپے کی کاسٹ دی گئی۔ بڈز میں حصہ لینے والے تمام بڑی کمپنیوں نے مجوزہ ریٹ پر یونیفارم دینے سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق تمام کمپنیوں نے لاجسٹک برانچ کے افسران کو ریٹ بڑھانے کا کہتے ہوئے یونیفارم کا ٹینڈر لینے سے انکار کر دیا۔

گزشتہ سال پنجاب پولیس نے فی یونیفارم 2200روپے میں خریدی تھی۔ڈالر کے ریٹ غیر معمولی طور پر بڑھنے کی وجہ سے ارشد ٹیکسٹائل اور نشاط ٹیکسٹائل سمیت دیگر تمام بڑی کمپنیوں نے پنجاب پولیس کی طرف سے دیئے گئے ریٹ پر یونیفارم دینے سے معذرت کر لی۔

ذرائع مطابق رواں مالی سال میں پنجاب پولیس کی یونیفارم خریداری ڈالر کے ریٹ کی وجہ سے ناممکن ہو رہی ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں یونفیارم کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔ ڈیڑھ ارب روپے سے اڑھائی لاکھ یونیفارمز کی خریداری کرنی تھی۔