توشہ خانہ کا21سالہ ریکارڈ پبلک

اسلام آباد(بیورورپورٹ)توشہ خانہ کا21سالہ ریکارڈ پبلک،تحائف وصول کرنیوالوں میں بڑے بڑے نام شامل ،تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ توشہ خانہ کا21سالہ ریکارڈپبلک کردیا، وزیراعظم کی ہدایت پر توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 تک کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ کابینہ ڈویژن کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا گیا،تحائف وصول کرنے والوں میں بڑے بڑے نام شامل ہیں،رواں سال 2023 میں موجودہ حکومت نے 59 تحائف وصول کیے،2022 میں224 ،2021میں 116 ، 2018 میں 175 ،2014 میں 91 ،2015 میں 177 تحائف حکومتی ذمہ داروں نے وصول کیے،ریکارڈ کے مطابق سابق صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزرائے اعظم شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی، نوازشریف، راجہ پرویز اشرف اور عمران خان سمیت دیگر کے نام شامل ہیں جبکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدرعارف علوی کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی اپلوڈ کیا گیا ،وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور سرکاری افسروں و ملازمین کو ملنے والے تحائف بھی ریکارڈ کاحصہ ہیں،کم مالیت کے بیشترتحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے ہی رکھ لیے کیونکہ 2022 میں 10ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی کے رکھنے کا قانون تھا،2004 میں پرویز مشرف کو ملنے والے تحائف کی مالیت 65 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی، 2005میں پرویز مشرف کو ملنے والی گھڑی کی قیمت 5لاکھ روپے بتائی گئی، سابق صدر پرویز مشرف کو مختلف اوقات میں درجنوں قیمتی گھڑیاں وجیولری بکس ملے جو قانون کے مطابق رقم ادا کر کے رکھ لیے گئے،سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کو 2005میں ساڑھے 8لاکھ کی گھڑی ملی جو 3لاکھ 55ہزارمیں نیلام ہوئی،شوکت عزیز صدیقی نے سینکڑوں تحائف 10ہزار سے کم مالیت ظاہر کر کے بغیر ادائیگی پاس رکھے،مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کو 2005ء میں گھڑی ملی ،قیمت ساڑھے 5لاکھ ظاہر کی گئی ،سابق وزیر اعظم میر ظفرجمالی نے تحفے میں ملنے والا خانہ کعبہ کا ماڈل وزیراعظم ہاؤس میں نصب کرایا ،پرویزمشرف کی اہلیہ کو2003 میں ملنے والے جیولری بکس کی قیمت 2634387 روپے لگائی گئی،2018 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 2 کروڑ50لاکھ مالیت کی رولکس گھڑی تحفے میں ملی ، اپریل 2018 میں شاہد خاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ عباسی کو 55لاکھ مالیت کی گھڑی ملی،شاہد خاقان عباسی کے ایک اور بیٹے نادر عباسی کو ایک کروڑ 70 لاکھ مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی جو انہوں نے 33 لاکھ 95 ہزار روپے جمع کرا کے اپنے پاس رکھ لی،2018 میں وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد کو 19 لاکھ ،وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈئیر وسیم کو20لاکھ مالیت کی گھڑی ملی جو انہوں نے توشہ خانہ میں 3 لاکھ 74 ہزار روپے جمع کرا کے اپنے پاس رکھ لی،سابق وزیر اعظم عمران خان کوستمبر 2018 میں 10 کروڑ 9 لاکھ کے قیمتی تحائف ملے ،8کروڑ50لاکھ مالیت کی 18قیراط سونے کی بنی گھڑی بھی شامل تھی،چیئرمین پی ٹی آئی نے 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے توشہ خانہ میں جمع کراکرتحائف رکھ لئے ،ستمبر 2018 میں سابق وزیراعظم کے چیف سکیورٹی افسر رانا شعیب کو 29 لاکھ کی رولکس گھڑی تحفے میں ملی،27 ستمبر 2018 کو سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 73 لاکھ مالیت کے تحائف موصول ملے جو انہوں نے توشہ خانہ میں رکھوا دئیے،صدر مملکت عارف علوی کو دسمبر 2018 میںایک کروڑ 75 لاکھ کی گھڑی ، قرآن پاک و دیگر تحائف ملے ، انہوں نے قرآن مجید اپنے پاس رکھا اور دیگر تحائف توشہ خانہ میں جمع کرادئیے،دسمبر 2018 میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کو بھی 8 لاکھ مالیت کا ہار اور 51 لاکھ مالیت کا بریسلٹ ملا جو انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کرادیا۔