آئیں!ملکر ملکی تعمیروترقی کاآغاز کریں،چودھری سرور کی تمام سیاسی قوتوں کو دعوت

لاہور (اپنے نمائندے سے) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے چودھری شجاعت اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ملاقات کرکے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، سابق گور نر پنجاب چودھری سرور کی ق لیگ میں شمولیت کے موقع پر مسلم لیگ ہائوس میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا چودھری سرور کی سیاست حال اور ماضی 100فیصد شفاف اور عوام سے محبت کا ثبوت ہے ،پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی نہ صرف پنجاب اور ملک کے دیگر صوبوں میں مضبوط ہوگی بلکہ اوورسیز پاکستانیوںکے بھی مسلم لیگ ق کا حصہ بننے میں مزید اضافہ ہوگا ،ہر موقع پر عوام کیساتھ کھڑے ہوں گے، چودھری سرورنے کہا شجاعت ، طارق بشیر چیمہ ،چودھری سالک سمیت ق لیگ کے تمام عہدیداروں و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ق لیگ میں کسی عہدے ، وزارت یا سیاسی فائدے کی خاطر شامل نہیں ہو رہا اگر اقتدار کا لالچ ہوتا تو میرا سیاسی فیصلہ کچھ اور ہوتا،ق لیگ سیاست برائے سیاست نہیں کر ے گی ،ترجیح ذاتی و سیاسی نہیں قومی اور ملکی مفادات کا تحفظ ہوگا،چودھری شجاعت وضع دار ہیں ،ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو دعوت دیتا ہوں آئیے ملکر ملک کی تعمیر و ترقی کا آغاز کریں۔