گرمیوں سے قبل تمام گرڈ سٹیشنوں کی مینٹی ننس جلد مکمل کر لی جائےگی : حافظ میاں نعمان

لاہور (خبرنگار) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حافظ میاں نعمان نے کہا ہے کہ تمام گرڈ اسٹیشنز کی مینٹیننس جلد مکمل کر لی جائے گی ، موسم گرما میں لمبا شٹ ڈاﺅن نہیں ہو گا ، میٹرز کی شکایات بہت زیادہ آرہی ہیں ،جلد آٹو میٹک میٹرز لگائے جائیں گے اور اسکا کنٹرول لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ہوگا جبکہ میٹرز لگانے کا طریقہ کار بھی تبدیل کررہے ہیں،جو پہلے درخواست دے گا، اسکا پہلے میٹر لگے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو شاہد حیدر کے ہمراہ کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد نعمان نے کہا کہ عام آدمی کی شکایات ہیں کہ ہمیں توجہ نہیں دی جاتی افسران کا رویہ درست نہیں،ان شکایات کو دور کرنے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ کسٹمر سروسز سینٹر بنائے جائیں گے،اگر انسان کی عزت نہیں کریں گے تو ہم انسان کہلانے کے لائق نہیں ہوں گے ، لیسکو میں تبدیلی کا کلچر جلد آئے گا،جس آفیسر کا رویہ عوام کے ساتھ درست نہیں ہوگا وہ محکمے میں نہیں رہے گا۔شکایات سے مینجمنٹ کو میسج گیا ہے،اگر یہ شکایات درست ہوئیں تو متعلقہ ملازمین اور افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں لمبا شٹ ڈاﺅن نہیں ہو گا ،تمام گرڈ سٹیشنوں کی مینٹی ننس جلد مکمل کر لی جائے گی۔ میٹرز کی شکایات بہت زیادہ آرہی ہیں جلد آٹو میٹک میٹرز لگائے جائیں گے، ان جدید آٹومیٹک میٹرز کا کنٹرول لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ہوگا۔میٹرز لگانے کیلئے پیسے مانگنے کی شکایات بھی مل رہی ہیں،میٹرز لگانے کا طریقہ کار تبدیل کررہے ہیں،جو پہلے درخواست دےگا اس کا پہلے میٹر لگے گا،سرکلز کے اندر بھی کسٹمر سروسز ڈیپارٹمنٹ بنا رہے ہیں،کسٹمرز سروسز سینٹرز میں صارفین کو عزت کے ساتھ ڈیل کیا جائے گا۔قبل ازیں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو حافظ میاں نعمان اور چیف ایگزیکٹو لیسکو شاہد حیدر کی زیر صدارت لیسکو ایسٹرن سرکل کے صارفین کیلئے بھوگیوال کے علاقہ میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز مجاہد اسلام باللہ، کسٹمر سروسز ڈائریکٹر لیسکو رائے اصغر ،چیف انجینئر طاہر میو ،ایس ای تھرڈ سرکل سرور مغل، ایسٹرن سرکل کے تمام ایکسین اور ایس ڈی اوز نے شرکت کی ۔کھلی کچہری میں لیسکو صارفین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنی شکایات درج کروائیں۔