لاہور (خبر نگار)جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونیوالے پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنوں کو صوبے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کر دیا گیا، تحریک انصاف نے جیلوں کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی کال دیدی جبکہ خود گرفتاریاں دینے والے پارٹی رہنمائوں کی بازیابی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کر لیا گیا،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی مقامی قیادت جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونیوالے رہنمائوں و دیگر کارکنوں کیلئے کھانا لیکر کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچی توجیل حکام کی جانب سے جیل کے اندر کھانا بھجوانے سے انکار کردیا گیا ، جیل حکام نے کہا گرفتار افراد کو جیل میں قیدیوں کیلئے تیارکیاگیا کھانا ہی مہیاکیاجائیگا،دوسری جانب کوٹ لکھپت جیل کی جانب سے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنمائوں و کارکنوں کی لسٹ جاری کردی گئی جس میں بتایا گیا پی ٹی آئی کے 77کارکن گرفتار کیے گئے ،رہنمائوںمیں شاہ محمود قریشی ، اسدعمر، اعظم سواتی و دیگر شامل ہیں،ذرائع کے مطابق گرفتاررہنمائوں و کارکنوں کو صوبے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کر دیا گیا،وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اٹک ، اسد عمر راجن پور ، سینیٹر اعظم سواتی رحیم یار خان، مراد راس کو ڈی جی خان، ولید اقبال لیہ، عمر سرفراز چیمہ بھکر جیل اور مدنی کو بہاولپور جیل منتقل کردیا گیا،تحریک انصاف نے پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کی لاہور سے منتقلی پر جیلوں کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی کال دیدی،ذرائع کے مطابق ازخود گرفتاری دینے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کو 3ایم پی او کے تحت ایک سے 3 ماہ تک نظر بند کیا جا سکتا ہے،ادھر خود گرفتاری دینے والے پارٹی رہنمائوں کی بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا گیا، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، اعجاز چودھری، اسد عمر، ولید اقبال سمیت دیگر کے اہلخانہ نے گرفتار رہنمائوں کی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور بیٹی نے والد کی رہائی کیلئے دائر درخواست میں موقف اپنایاشاہ محمود قریشی کو حبس بے جا میں رکھا گیا ،رہنماؤں کو لاہور سے پولیس نے حراست میں لیا ،نہیں بتایا جا رہا کہاں ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے لاہور ہائیکورٹ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو حبس بے جا سے بازیاب کرا کر رہا کرنے کا حکم دے،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرورکل درخواست پر سماعت کریں گے
جیل بھرو تحریک،گرفتار پی ٹی آئی رہنما ،کارکن دور دراز جیلوں میں منتقل

















