قبل از وقت ریونیو کا ٹارگٹ حاصل کرلیا : عمران غوری

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) ایف بی آر لاہور ڈویژن نے جہاں وقت سے پہلے ٹارگٹ سے زیادہ ریونیو جمع کرلیا ہے۔ وہاں ایسا میکانزم بنا دیا گیا ہے کہ لوگ جوق در جوق فائلر بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن ریجنل ٹیکس آفس ایف بی آر عمران غوری نے چیف کمشنر ناصر اقبال کے حوالے سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل ٹیکس آفس نے جنوری میں 25 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کر کے تاریخ رقم کی تھی۔
فائلر کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے نان فائلر کی نسبت فائلر کیلئے ٹیکس میں اتنی چھوٹ دےدی ہے کہ اب گاڑی جائیداد اور بینکوں کے معاملات کیلئے فائلر ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی غلط فہمی جو کہ اب دور ہوچکی ہے وہ یہ تھی کہ اگر آپ فائلر بن گئے تو آپ ایف بی آر کے سسٹم میں آ جایئں گے پھر آپ کو ٹیکس دینا پڑےگا۔
اب جو نان فائلر ہیں۔ ان سے زیادہ ٹیکس لیا جاتا ہے اسلئے فائلر ہونا ضروری ہے۔ دوسرا یہ کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ ہر فائلر ٹیکس پیئر بھی ہوتا ہے فائلر کی اکثریت صفر کی ریٹرن فائل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے آخر پر اعداد و شمار حیران کن ہونگے۔