ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا تنویر قیصر سندھو کے ہمراہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے یادگار پارک میں زیر تعمیر انڈر گراونڈ واٹر ٹینک کے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں اور تعمیر کے دوران حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبوں میں استعمال ہونے والا میٹریل اعلیٰ معیار کا ہو اور تمام کام منظور شدہ پلان کے مطابق مکمل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون بارشوں سے قبل منصوبہ جات کو مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعد ازاں کمشنر نے اندرون شہر مختلف مقامات پر جاری سیوریج لائن منصوبوں کا بھی معائنہ کیا، جن میں سوڑی گلی، بنات الاسلام بازار، کربلا روڈ اور سٹی بند روڈ شامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ اندرون شہر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے لیبر اور مشینری میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے تعمیراتی مقامات پر سائن بورڈز لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اندرون شہر جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی ہے کہ اگلے مالی سال کیلئے ایسے تعمیراتی منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جس سے زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں اور ان کی زندگیوں میں آسانی آئے۔ محدود فنڈز کی بدولت ضروری ہے کہ صرف ایسی سکیموں کو ہی ترجیحات میں شامل کیا جائے جو بے حد ضروری ہوں۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جس میں جاری سکیموں میں حائل مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اے ڈی سی فنانس ساہیوال رانا اورنگزیب اور محکمہ ہائی وے، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور ڈپٹی کمشنر پاک پتن آصف رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ انہوں نے عارف والا میں جدید سلاٹر ہاوس کی تعمیر کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کے لیے بورڈ آف ریونیو سے معاملہ اٹھانے کا وعدہ کیا تاکہ عارف والا کے شہریوں کو بھی صحت مند گوشت کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس میں اگلے مالی سال 2026-27 کے لیے نئی سکیموں پر بھی غور کیا گیا جبکہ انہوں نے موجودہ مالی سال میں مکمل ہونے والی ایسی سکیموں کے فنڈز کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی جس کیلئے محدود فنڈز درکار ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اوکاڑہ سٹی میں چرچ روڈ سے اولڈ ڈسپوزل تک 20 کروڑ روپے کی سیوریج سکیم میں انتظامی معاملات کی تحقیقات کروانے کی بھی ہدایت کی۔
مون سون سے قبل تعمیراتی منصوبے مکمل کیے جائیں: کمشنر ساہیوال
















