لاہور(خبر نگار) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور کی انتظامی معاملات پر گرفت کمزور پڑنے کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات کے باعث شہر کا حسن تباہ ہو کر رہ گیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی کمرشل و نان کمرشل تعمیرات کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ کو فیسوں کی مد میں حاصل ہونے والی کروڑوں روپے کی آمدن کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے بیڈن روڈ سے ملحقہ ہال روڈ پر دو کمرشل پلازوں کی تعمیر جاری ہے جن میں سے ایک پلازہ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے تاہم اس میں پارکنگ کیلئے کوئی مناسب جگہ مختص نہیں کی گئی جو بلڈنگ بائی لاز کی صریح خلاف ورزی ہے۔ مصروف تجارتی علاقے میں پارکنگ سہولت کے بغیر کمرشل عمارت کی اجازت دینا شہری ٹریفک مسائل میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق دوسرا پلازہ مکمل طور پر غیر قانونی بنیادوں پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں منظوری کے تقاضوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ تعمیراتی عمل کے دوران کسی مرحلے پر مو¿ثر چیک اینڈ بیلنس نظر نہیں آتا جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ متعلقہ حکام یا تو چشم پوشی برت رہے ہیں یا اس عمل میں شامل ہیں۔ مزید یہ کہ داتا گنج بخش زون کے پلاننگ افسر اور بلڈنگ انسپکٹرز پر ان تعمیرات کی مبینہ سرپرستی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاکھوں روپے رشوت کے عوض نہ صرف خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا گیا بلکہ تعمیراتی کام کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ یہ صورتحال محض دو عمارتوں تک محدود نہیں بلکہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ شہر میں بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کس حد تک کمزور ہو چکا ہے۔ ایم سی ایل کی انتظامی گرفت ایسے واضح کیسز میں بھی دکھائی نہ دے رہی جس کے باعث غیر قانونی تعمیرات کے پھیلاو¿ کو روکنا ایک بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔
لاہور(خبر نگار) میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے اپنے موقف میں واضح کیا ہے کہ مذکورہ بلڈنگز کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے، رپورٹ آتی ہے تو انکوائری شروع کر دی جائے گی اور مذکورہ بلڈنگز کو ڈیمولیشن پلان میں شامل کر کے بلڈنگز کے خلاف کارروائی لازمی کی جائے گی۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی انتظامی معاملات پر کمزور گرفت، غیرقانونی تعمیرات سے شہر کا حسن تباہ
















