پاکستانی درخواست پر عباس عراقچی اور باقر قالیباف امریکی ہٹ لسٹ سے خارج

واشنگٹن (مشرق نیوز) خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران کے دو اہم عہدیداروں کو ٹارگٹ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، جسے ممکنہ مذاکرات کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کو پاکستان کی درخواست پر اس فہرست سے ہٹایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکہ سے موقف اختیار کیا کہ اگر یہ اہم شخصیات بھی نشانہ بن گئیں تو مذاکرات کا راستہ مکمل طور پر بند ہو جائیگا۔ رائٹرز کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن پر زور دیا کہ سفارتی عمل کو جاری رکھنے کیلئے ان شخصیات کا محفوظ رہنا ضروری ہے تاکہ کسی ممکنہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو بھی پیچھے ہٹنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور بات چیت کے امکانات کو برقرار رکھا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایک اہم سفارتی کوشش ہے، جس کا مقصد جنگ بندی اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنا ہے۔