بھارت افغانستان میں انسداد دہشتگردی کارروائیوں پر واویلا بند کرنا چاہیے،پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)افغانستان میں دہشتگردی کے ڈھانچے کےخلاف کارروائیوں پر بھارتی وزارت خارجہ کا بے بنیاد، گمراہ کن ،بلا جواز بیان مسترد، پاکستان نے کہا ہے مودی حکومت پاکستان کی کامیاب انسداد دہشتگردی کارروائیوں پر بے جا واویلا بند کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشتگردی کی بھارتی سرپرستی اور خطے میں تاریخی تخریبی کردار کے تناظر میں بیان محض بھارت کی کھلی منافقت ، دہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے،بیان ایسے ملک کی جانب سے سامنے آیا جس کی قیادت داخلی سیاسی مفادات کےلئے اسلاموفوبیا کو ہوا دینے اور اپنی مسلم آبادی کےخلاف پرتشدد واقعات کے باوجود جواب دہی سے مبرا ہے، چند ہفتے قبل بھارتی قیادت نے ایسے قابض فریق کی مکمل و غیر مبہم حمایت کا اعلان کیا جو ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے مسلسل قتل کا ذمہ دار ہے۔

طاہر اندرا بی نے کہا منفی بیانات حقیقت سے توجہ نہیں ہٹا سکتے بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام کے حق خودارادیت کو متعلقہ اقوام متحدہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دبایا اور مسلسل انکار کر رہا ہے،بھارت کو چاہیے افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروپس بشمول وہ گروہ جو سلامتی کونسل کی پابندیوں کے نظام کے تحت درج ہیں کی حمایت اور سرپرستی سے باز رہے۔