اسلام آباد :(بیورورپورٹ) پاکستان ،ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں ،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط،دو طرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک لےجانے پر اتفاق،وزیر اعظم شہباز شریف ، صدر ازبکستان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
وزیراعظم ہاوس میں ہونےوالی تقریب میں پاکستان ،ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے28 معاہدوں ،مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا،دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون،ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت اشیا کی فہرست میں توسیع پروٹوکول ،انٹر ریجنل فورم کاقیام،دفاعی شعبے میں تعاون کےلئے ایکشن پلان ، نشہ آور ادویات کی سمگلنگ روکنے سمیت دیگر شامل ہیں،دو طرفہ قریبی تعلقات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ازبک صدر شوکت مرزایوف کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ازبک صدر ،وفد کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے، پروفیسر ، ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ،سب سے بڑا سول اعزاز نشان پاکستان ملنے پر مبارک باد دیتا ہوں،دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کےلئے مہمان صدر کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ، پاکستان ،ازبکستان کے تعلقات وقت کےساتھ مستحکم ،تاریخی حقائق قریبی تعلقات و شاندار مستقبل کے عکاس ہیں،پاکستان خطے میں دیرپا امن ، ترقی کےلئے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔
ازبک صدر نے کہا بھر پور استقبال ،شاندار میزبانی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، دن میرے لیے بہت یادگار ، ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور پروفیسر شپ ملنا اعزاز ہے،شاندار میزبانی کو بیان نہیں کرسکتا،مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں کا تفصیلی جائزہ لیا، تجارت ، سرمایہ کاری و اقتصادی تعاون سمیت تما م شعبوں پر گفتگو ہوئی، پاکستان قریبی دوست و قابل اعتماد شراکت دار ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام ،ترقی کےلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
دریں اثنا اسلام آباد کی سڑک کو تاشقند،پارک مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تاریخی و ثقافتی روابط کا مظہر قرار یتے ہوئے کہااقدام ازبکستان ، پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کی سطح کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے اعلیٰ وزارتی وفد کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر ازبکستان کا استقبال کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ازبکستان کو جدید دفاعی نظام،صنعتی صلاحیتوں ،تکنیکی شعبوں پربریفنگ دی گئی، ازبک وفد نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کی اہم تنصیبات کا معائنہ کیا، پاکستان میں تیار کیے جانے والے جدید دفاعی آلات کا مشاہدہ کیا، دفاعی پیداوار ، صنعتی ترقی میں پاکستان کی مہارت کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا دورہ پاکستان ،ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی وصنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا، دونوں ممالک نے شراکت داری، علم کے تبادلے ، مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا، دورہ پاکستان ،ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام ،مختلف شعبوں میں تعاون کی اہم پیشرفت ہے۔
قبل ازیں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کوپاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی حصارمیں لیا،سلامی دی،فارمیشن لیڈرنے وزیراعظم ،عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا۔
شوکت مرزایوف کا نور خان ائیر بیس پہنچنے پر صدر آصف زرداری ،وزیر اعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا،معزز مہمان نے طیارے سے باہر آتے ہی پرجوش مصافحہ و معانقہ کیا،خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،ازبک صدر کو 21توپوں کی سلامی دی گئی ،روایتی و ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کیے، دونوں ملکوں کے قومی پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا، وزیر اعظم نے کابینہ اراکین سے تعارف کرایا۔
بعدازاں وزیراعظم ہاوس آمد پر ازبک صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوئی، تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک ازبک متعدد معاہدے، تجارت 2 ارب ڈالر تک لےجانے پر اتفاق


















