وزیراعلیٰ نے زندہ دلان لاہور کی خوبصورت تفریح بحال کرکے تاریخ رقم کردی: شہری

لاہور ( سروے رپورٹ: میاں ساجد/ عکاسی: میاں شاہنواز) تہوار کوئی بھی ہوخوشی اور امید کا پیغام لیکر آتا ہے بسنت رنگوں قہقہوں اور آزادی کی علامت زرد کپڑے نیلا آسمان لہراتی، پتنگیں اور چھتوں پر گونجتی خوشیوں کی آواز پیغام محبت ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 25 سال بعد نہ صرف اس تہوار کو منانے کے احکامات جاری کئے بلکہ زندہ دلان لاہور کیلئے ایسی تفریح مہیا کرکے تاریخ رقم کی جس کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بسنت کا وہ دن ہے جو خصوصی طورلاہوریوں کو نصیب ہوا جو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بسنت ایک پیغام محبت ہے کہ زندگی صرف مسائل کا نہیں بلکہ ہنسی اور اپنائیت کا نام ہے۔ تفریح کا مطلب ہے کہ قواعد وضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے منایا جائے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ قوانین کے دائرہ کار سے تجاوز کرکے اس تہوار کو دوسروں کیلئے بھی مشکل بنایا جائے اور کسی بھی قوم کی پہچان تہوارہوتے ہیں جن کا اصل مقصد خوشیاں ہیں جس کا بسنت جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار مائدہ عروج، عطا الرحمن، فہیم یوسف، عقیل احمد اور محمد عبداللہ نے روزنامہ مشرق سے اس دن کی مناسبت سے خصوصی گفتگو۔ مائدہ عروج عطا الرحمن نے کہا کہ ہمیںپتنگوں کی قیمتوں سے کوئی غرض نہیں خوشی تو اس بات کی ہے کہ ہمیں بھی یہ دن دیکھنے کو ملا کہ لاہور میں کبھی بسنت ہوتی تھی قصہ پارنیہ بن چکی تھی۔ جس کے ہم صرف چرچے سنتے تھے کہ ہمارے گھروں میں پکوان اور مہمان نوازی ہوتی تھی آج ہم انہیں دنوں کی روایت کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعی ہی لاہور یوں کیلئے مسکراہٹوں اور خوشیوں سے بھرپور ایک تہوار کو منانے کی اجازت دی ہے جس کا شکریہ ادا کرنے کیلئے بھی لفظ نہیں ہیں۔اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس تہوار کو کس طریقہ سے مناتے ہیں قانون سب کیلئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قرار واقعی سزائیں بھی ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فہیم یوسف عقیل احمد اور محمد عبداللہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسنت کو منانے کی منظوری تو فراہم کر دی لیکن ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر ر ہی ہیں سفید پوش طبقہ کیلئے اس دن کو منانے کیلئے بہت مشکل پیش آرہی ہے۔ جب پہلے یہ تہوار منایا جاتا تھا تو پتنگوں کی اتنی زیادہ قیمتیں نہیں ہوتی تھیں۔ اس دن کی مناسبت سے ان کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہے اس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بلینس ضرور ہونا چاہیے تھا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پتنگوں اور ڈور کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔لیکن اگر اس دن اور خصوصی تہوار کے حوالہ سے بات کریں تو خوشیوں سے بھر پور دن ہے جو ہماری نسلوں کیلئے بہت بڑی تفریح اور امید کی روشن مثال۔ پتنگ فروشوں کیلئے بھی کوئی قانون ضرور لاگو ہونا چاہیے تھا کہ جو زائد قیمتوں میں ڈور اور پتنگیں فروخت کر رہے ہیں اس کیلئے بھی اتنی ہی سزا مقرر ہونی چاہیے تھی جتنی اس کا لطف اٹھانے والوں کیلئے لاگو کی گئی ہے۔ شہریوں نے مزید کہا کہ خوشیوں کا ہر گز مطلب نہیں کہ دکاندارپتنگوں اور ڈوروںکی قیمتیں اس حد تک بڑھا دیں ایک عام آدمی جو ان خوشیوں میں شریک ہونا چاہتا ہے۔ خریداری ہی نہ کر سکے پتنگ بازی خوشیوں سے بھر پور سرگرمی اور تہوار بھی۔ جو خوشی ولولے اور سماجی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ ایسے میں اگر ڈوروں پتنگوں کی قیمتیںآسمان سے باتیں کریں گے تو یہ تہوار صرف چند مخصوص طبقوں تک محدود ہو جائے گا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے استدعا کر تے ہوئے کہا کہ دکانداروں کی جانب سے شہریوں سے زائد قیمتوںکی وصولی پر واضح پیغام اور سخت حکمت مرتب ہونے چاہیے۔ تاکہ منافع خور پتنگ فروش بھی قانون کے دائرے میں آئیںجیسے پتنگ کو اڑانے والے آرہے ہیں۔ ان پر بھی ایسے ضابطے صادر ہونے چاہیے تھے۔ کیونکہ متوسط طبقہ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتا۔اس حو الہ سے ان پتنگ فروشوں نے عوام کو دو، دو ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ ان کیلئے بھی قانون ہونا لازم ملزوم تھا۔