اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،اسلامی ممالک
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ، پاکستان، سعودی عرب، ایران اور ترکیہ سمیت 21 سے زائد مسلم ممالک و اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیلی اقدام کو مسترد کردیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ہونےوالے مشترکہ اعلامیے میں اردن، مصر، الجزائر، قطر، کویت، نائیجیریا اور فلسطین سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا اسرائیل کی جانب سے اٹھایا جانےوالا غیر معمولی قدم ہارن آف افریقہ ، بحیرہ احمر خطے کے امن و سلامتی کےلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے،کسی ملک کے حصے کو علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا اقدام اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے،وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی وحدت ،تمام علاقوں پر حاکمیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیںتقسیم کی کوئی بھی کوشش عالمی امن کےلئے خطرناک مثال ہے،مسلم امہ صومالیہ کی علاقائی سالمیت کے تحفظ و عالمی قوانین کی بالادستی کےلئے متحد ،فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کسی صورت قبول نہیں کی جائےگی،عالمی برادری اسرائیل کو روکنے کےلئے موثر کردار ادا کرے۔
















