رجب المرجب کاچاند نظر آگیا، شب معراج 16 جنوری کو ہوگی
لاہور: (نمائندہ خصوصی) ماہ رجب المرجب 1447ھ کا چاند نظر آ گیا، یکم رجب المرجب پیر کو ہوگی ،شب معراج 27 رجب 16 جنوری کو ہوگی۔
چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیرصدارت زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کا اجلاس ایوان اوقاف شاہ چراغ بلڈنگ نزد ہائی کورٹ لاہور میں ہوا،اجلاس میں رابطہ کے فرائض وزارت مذہبی امورحکومت پاکستان سے حافظ عبدالقدوس اور ڈاکٹرشاہد الرحمن مارتھ ، فنی معاونت کےلئے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن علی بیگ، محکمہ سپارکو سے شوکت خان ،وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت پاکستان سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین ٹیلی فون پررابطے میں تھے، اوقاف پنجاب سے ڈائریکٹر جنرل شاہد حسن کلیانی اور احمد الرحمن نے خدمات سر انجام دیں،اجلاس میں زونل رویت کمیٹی پاکستان کے جو اراکین شریک ہوئے ،علامہ راغب نعیمی،علامہ اکبر،مفتی احمد،مولانا فتح راشدی ،دیگرعلماءکرام میں مولانا مسعود قاسم قاسمی،علامہ زبیر احمد ظہیر،علامہ رشید ترابی،مولانا حنیف،علامہ سجاد حسین جوادی،پیر ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا عبید اللہ قادری،مولانا عثمان،مفتی شفیق اعوان،سید عبدالبصیر آزاد،عثمان خان،حاجی غلام حسین شامل تھے۔
پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد، کراچی،پشاور، کوئٹہ میں ہوئے جس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی، مولانا سید عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلودو گرد آلودو رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔
مختلف مقامات سے ماہ رجب المرجب 1447ھ کے چاند کے نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں کراچی،گوادر و دیگر مقامات پر چاند نظر آ گیا، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم رجب المرجب 1447 ھ پیر کو ہوگی،مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو اتحاد و وحدت عطاء،ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے، اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملکی سلامتی و استحکام، ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیراور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔


















