افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ،مراکز ختم کیے بغیر امن ممکن نہیں،اقوام متحدہ
نیویارک،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ،مراکز ختم کیے بغیر امن ممکن نہیں،اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اجلاس میں عالمی برادری نے افغان رجیم کو دوٹوک انتباہ دےدیا۔
انتہا پسند طالبان کی سرپرستی میں افغان سر زمین سے پاکستان سمیت پورے خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں آچکا ، یہی وجہ ہے اقوام متحدہ کے اجلاس میں متعدد ممالک کے مندوبین اور نمائندگان نے افغانستان کو دہشتگروں کی آماجگاہ قرار دیتے ہوئے عالمی فورم پر متفقہ تاثرات کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو کانگ نے خبردار کیا افغان سر زمین میں ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروہ فعال اور پڑوسی ممالک پر حملوں میں ملوث ہیں، ڈنمارک کی نمائندہ برائے اقوام متحدہ کرسٹینا مارکس لاسن نے کہا طالبان کو القاعدہ، ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کےلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستانی مستقبل مندوب عاصم افتخار نے بھی افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف دہشت گرد حملوں میں شدید اضافے کی وجہ طالبان کے غیر مو¿ثر اقدامات قرار دیتے ہوئے کہا افغان سرزمین سے طالبان کی نگرانی ، منصوبہ بندی اور مالی معاونت میں پاکستان پر حملہ کیا جاتا ہے، امریکی نمائندہ نے سکیورٹی کونسل کو انسداد دہشتگردی پر کیے گئے وعدوں میں پیشرفت نہ ہونے پر طالبان کو تنبیہ دینے کا مطالبہ کیا ۔
پاناما کے نمائندہ”ایلوی الفارو ڈی البا“نے افغانستان میں ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے باعث مسلح واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے،اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب سعید ایراوانی نے بھی طالبان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا افغان سرزمین کسی بھی پڑوسی ملک کیخلاف دہشت گردی یا تشدد کےلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغان عبوری حکام کو دہشتگرد گروہوں کو ہر قسم کی مدد روکنے کی مکمل ذمے داری لینا ہوگی۔
دوسری جانب افغان سرزمین سے دہشتگردی خطرات کے تناظر میں افغان ہمسائیہ ممالک کی کانفرنس اتوار کوتہران میں ہوگی،ذرائع کے مطابق افغانستان پر نمائندگان خصوصی اجلاس میں شریک ہونگے، نمائندہ خصوصی ایم صادق کابل میں پاکستانی سفیر عبید الرحمن نظامانی، تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو شریک ہوں گے۔
روسی نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف، چینی نمائندہ خصوصی یو شیاوونگ، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان کے صدر کے نمائندے شامل ہونگے،ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی اجلاس سے خطاب کرینگے، اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائےگا۔
















