معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں ہر مقام پر سربلند ہے،مریم نواز

لاہور: (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے ملاقات کی،مریم نوازنے این ڈی یو کے وفد کا پر تپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے عوامی فلاح وبہبود کے پراجیکٹس واقدامات سے آگاہ کیا،سوالات کے جواب بھی دیئے،نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے فلاحی اقدامات کو سراہا۔

مریم نوازنے کہاآپریشن”بنیان مرصوص“ میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں ہر مقام پر سربلند ہے، پنجاب میں بہت کچھ کرچکے اوربہت کچھ ہونے جارہا ہے،وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،احتساب نہ ہونے پر پبلک سیکٹر میں پرفارمنس زیرو ہوجاتی ہے، سیلاب کے اثرات کا سامنا کررہے ہیںنہ صرف لاکھوں افراد بلکہ مویشیوں کو بھی بچایا گیا، بروقت طبی امدادسے متعدی امراض کے پھیلاو سے محفوظ رہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاماحولیاتی تبدیلی حقیقت ہے،بہتری کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی، پنجاب میں سموگ کنٹرول کرنے کیلئے انتھک محنت کی گئی، سموگ گن سپرے،فصلوں کی باقیات جلانے پر کنٹرول ودیگر اقدمات کی وجہ سے سموگ کا اثر کم ہوا،سرحد پار سے فصلیں جلانے کے اثرات لاہور پر آتے ہیں، ایئر کوالٹی مانیٹرنگ انوائرمنٹ فورس ،بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کی وجہ سے بہتری آرہی ہے،کالادھواں اڑنے پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے فوری نشاندہی ممکن ہے۔

مریم نوازنے کہاووٹ نہ ملنے کا ڈر ہو تو کوئی اچھا کام نہیں کیا جا سکتا،تجاوزات اٹھانے پر لوگ ناراض بھی ہوئے، میرٹ کا نفاذ ،سفارش کی نفی نصب العین ہے،پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی،سیاسی بنیاد پر کوئی بھرتی نہیں کی گئی، کوئی کہہ دے کسی کی سفارش کی ہے تو استعفیٰ تک دے سکتی ہوں،ممکن ہے نچلے لیول پر کرپشن پوری طرح کنٹرول میں نہ ہو مگر اب ٹاپ لیول پر ممکن نہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین وزرا، سیکرٹری، کمشنر،ڈی سی ،ڈی پی او کام کررہی ہیں، مریم اورنگزیب،عظمیٰ بخاری،ثانیہ عاشق،سلمی بٹ بہت محنتی ،اچھاکام کررہی ہیں،میرٹ،شفافیت ،بروقت فیصلہ سازی گڈگورننس کے رہنما اصول ہیں، بروقت فیصلہ سازی کیلئے ہمت پھر قابلیت بھی درکار ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جا ئزہ لینے کیلئے وزرا،سیکرٹریز کے 6،6گھنٹے میراتھن سیشن ہورہے ہیں،سرکاری طورپر گندم نہ خریدنے سے کسان نہیں مڈل مین فائدہ اٹھاتا ہے، گندم نہ خریدنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا،پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی،آٹا ،گندم کے نرخ نہیں بڑھے، احتساب ،جوابدہی کے بغیرگڈ گورننس ممکن نہیں،مہنگائی کی شرح 40سے 4فیصد تک آگئی، سبزی،روٹی اورآٹا سستا ہونے سے غریب آدمی کا کچن آسانی سے چل سکتا ہے، خوف ،غصے سے کام نہیں لیا جاسکتا،بیوروکریسی کی طرف سے مثبت تعاون ملا، ناکامیوں کا ملبہ بیوروکریسی یا دوسروں پر ڈالنا میرا وطیرہ نہیں۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں 30ہزار کلو میٹر طویل 1650روڈز بن رہی ہیں، ای ٹینڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے بچائے،تنقید کرنے والے صحافی کی اہلیہ بھی کہنے پر مجبور ہیں مریم نواز کے پنجاب میںخود کو محفوظ سمجھتی ہوں، سپیشل افراد کیلئے ہر ای بس میں وہیل چیئر مہیا کررہے ہیں، پنجاب میں بہترین وجدید برن،آرتھوپیڈک ہسپتال بنا رہے ہیں،پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنے گا،کو ابلیشن مشین کے ذریعے فرسٹ سٹیج کینسرکا موثر علاج کررہے ہیں، ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے مریضوں کی بروقت ہسپتال منتقلی سے درجنوں جانےں بچائیں، جنوبی پنجاب میں چھت سے گر کر زخمی ہونیوالی خاتون کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیاگیا، ہارٹ سرجری کے منتظر 15ہزار بچوں کیلئے ہارٹ سرجری کارڈ پراجیکٹ شروع کیا،7000 ہارٹ سرجریز ہوچکیں،پاکستان بھر کے بچوں کے علاج کیلئے ہزار بیڈ کا کارڈیالوجی ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا زراعت کو مکمل طورپر میکانائزکرنے جارہے ہیں،لائیوسٹاک کے فروغ کے لئے پہلی مرتبہ 3 لاکھ مویشی ایڈ کیے،تندورجاکر روٹی چیک کرنے پر مذاق بنایاگیا مگر آفس سے نہ نکلوں توحالات کا اندازہ کیسے ہو،تھرمل ایمیجنگ ڈرون کیمروں کی مدد سے سیلاب میں گرے لاکھوں انسانوں ،جانوروں کو بچایاگیا، لاہور ڈویلپمنٹ پلان اورپنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہروں ،دیہات کی قسمت بدل جائے گی، کہتے تھے بیٹی آتی ہے تو گھر چمکاتی ہے،پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کیا، صفائی کے نظام کو میکانائزیشن پر لارہے ہیں، تعلیم بہترین مساوات قائم کرتی ہے،خواتین کو پڑھانے کیلئے مرد کو بھی پڑھانا پڑتا ہے، باہر جاکرکام نہ کرنے والی خواتین کےلئے گھرمیں کاروباری مواقع فراہم کررہے ہیں۔

مریم نوازنے کہامیرا خیال ہے مزید صوبے بنانے سے ملک مزید تقسیم کا شکار ہوگا، ماحولیات کی بہتری ،تحفظ کیلئے پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کام ہورہا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے اکنامک زون ،انڈسٹریل سٹیٹ کے دروازے کھول دیئے،سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فریز لینڈ بھی دینا پڑی تو دیں گے، گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے پراجیکٹ بالکل تیار ہے،جلد آغاز کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں 2400میگاواٹ بجلی ہے،یونٹ کو 16/17روپے لانا چاہتی ہوں، کھربوں روپے کے پراجیکٹس چل رہے ہیں لیکن کرپشن کی کوئی شکایت نہیں،5سال میں پنجاب کرپشن فری ہوگا،میرے بارے جلسوں میں رکیک جملے کہے گئے،والد کیساتھ کھڑے ہونے پر جیل میں ڈال دیا گیا، آج مکافات عمل ہے وہ جانتے تھے ان کو نہ گرایاگیاتو ہماری جگہ نہیں بنتی،دنیا میں پاکستان،لوگوں کو بدنام کیاگیا،سیاسی اخلاقیات کا معیار مقرر کرنا چا ہیے،الزام لگایا ہے تو ثابت بھی کریں، گالم گلوچ اورالزام تراشی کاجواب پرفارمنس کے بیانیے سے دیں گے، سکولوں ،کالجوں کو ڈرگ فری بنا رہے ہیں۔