نیویارک ،اسلام آباد،بیجنگ،ماسکو،لندن،تل ابیب،غزہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)سلامتی کونسل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی ،قرار داد کے حق میں پاکستان سمیت 13 ممالک نے ووٹ دیا ،مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا، روس ،چین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
امریکی مندوب نے پاکستان، مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، یواے ای، ترکیہ اور انڈونیشیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاسب اکٹھے ہوئے، صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرکے اقدامات کئے،غزہ کے استحکام کےلئے تاریخی وتعمیری قرارداد منظورہوئی ،قرار داد میں غزہ کےلئے بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور عبوری حکومت کے قیام کے نکات شامل ہیں۔
سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے ایک بار پھر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا پاکستان نے غزہ منصوبے کی قرار داد کے حق میں ووٹ دیا، تنازع کے خاتمے کیلئے ٹرمپ کے امن منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں،مقصد غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام روکنا ہے،فلسطینیوں کی حمایت کے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں، قرارداد کی منظوری پر سلامتی کونسل کے شکرگزار ہیں۔
دریں اثناامریکی صدرٹرمپ نے دنیا کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان سمیت دیگر ممالک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہایواین سلامتی کونسل نے بورڈ آف امن کی توثیق کر دی، بورڈ کی سربراہی کروں گا، ممبران کا اعلان آنےوالے ہفتوں میں کرینگے۔
دوسری جانب حماس نے قرارداد ،بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کے منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا قرارداد فلسطینی عوام کے سیاسی ،انسانی مطالبات اور حقوق کو پورا نہیں کرتی،قرارداد غزہ پر بین الاقوامی سرپرستی مسلط کرتی ہے، عوام،تمام مزاحمتی دھڑے قبول نہیں کرتے۔
حماس کے مطابق بین الاقوامی فورس کو غزہ کے اندر کارروائیوں بالخصوص مزاحمتی دھڑوں کے غیر مسلح کرنے کا اختیار دینے کا مطلب ہے فورس غیر جانبدار نہیں بلکہ قابض اسرائیل کے حق میں فریق بن جائےگی اگرکوئی بین الاقوامی فورس قائم ہوتی ہے تو صرف سرحدوں پر تعینات کیاجائے،جنگ بندی کی نگرانی مکمل طور پر اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونی چاہیے۔
بیان میں حماس نے مزید کہا اسرائیل کےخلاف ہر طرح کی مزاحمت کو جائز سمجھتے ہیںضمانت بین الاقوامی قوانین ،معاہدوں کے تحت دی گئی ، ہتھیار ڈالنے کو مسترد کرتے ہیں،عالمی برادری ،سلامتی کونسل ایسے فیصلے اپنائیں جو غزہ پر وحشیانہ نسل کش جنگ ،اسرائیلی قبضے کے خاتمے ،تعمیر نو، فلسطینی عوام کو خودمختاری حاصل کرنے اور آزاد ریاست کے قیام کےلئے جو القدس کو دارالحکومت بنائے کے ذریعے انصاف فراہم کریں۔
ادھر امریکہ کی غزہ امن قرارداد پر چین ،روس نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا غزہ صرف فلسطینی عوام کا ہے کسی اور کا نہیں،قرارداد میں فلسطینیوں کے کردار، شفافیت اور استحکام فورس کے اختیارات پر اہم نکات واضح نہیں۔
چینی سفیر فو کونگ نے کہا قرارداد فلسطینی حکمرانی کے اصولوں کی عکاسی نہیں کرتی ،امریکہ کی جانب سے انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس اور بورڈ آف پیس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
روسی مندوب نے کہا منصوبہ فلسطینیوں کو عمل سے باہر رکھتا اور غزہ و مغربی کنارے کی مزید تقسیم کا خطرہ پیدا کرتا ہے،برطانیہ، فرانس، جنوبی کوریا ،سلووینیا نے منصوبے کی تائید کردی جبکہ ڈنمارک نے زور دیا غزہ و مغربی کنارے کو متحد رکھنا ضروری ہے۔
مزید برآں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاامریکی صدر ٹرمپ کا منصوبہ امن و خوشحالی ،ابراہیمی معاہدوں کی توسیع کا باعث بنے گا،منصوبے میں غزہ کی غیر عسکریت و انتہاپسندی کے خاتمے پر زور ہے۔
علاوہ ازیں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے امریکی قرارداد کی منظوری غزہ جنگ بندی استحکام کی جانب اہم قدم ،سفارتکاری کو فوری و ٹھوس اقدامات میں بدلنے کی ضرورت ہے ، 2 ریاستی حل کی سیاسی راہ ہموار کرنے کےلئے غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی جانب پیش قدمی جاری رکھنا اہم ہوگا،اقوامِ متحدہ غزہ میں انسانی امداد بڑھانے کےلئے پرعزم ہے۔
سلامتی کونسل ، ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی توثیق ،حماس نے قرارداد کو مسترد کردیا
















