تعلیم کیساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جانا چاہئے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں مختلف کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے صحیح رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے تاکہ انہیں قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جانا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کی ذہنی اور جسمانی نشوونما متوازن انداز میں ممکن ہو سکے۔انہوں نے یہ بات ظفر علی سٹیڈیم میں ایتھلیٹس کو فراہم کی جانے والی جدید تربیتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینے کے موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہر عامر رشید اور مختلف کھیلوں کے کوچز بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں سے ان کی ٹریننگ اور دستیاب سہولیات کے بارے بھی دریافت کیا۔ انہوں نے سپورٹس افسران کو ہدایت کی کہ سٹیڈیم میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جن میں فلڈ لائٹس، صاف و ٹھنڈا پینے کا پانی، معیاری واش رومز، ٹریننگ کیلئے ضروری آلات اور کوچنگ کی بہتر سہولیات شامل ہیں۔ انہوں نے ساہیوال کے باصلاحیت ایتھلیٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خاص طور پر گولڈ اور سلور میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اپنی محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔ دریں اثناءحکومت پنجاب کا ایک اور عوام دوست اقدام، صوبائی حکومت نے 13 اکتوبر سے ای بزنس پورٹل لانچ کر دیا جس کا مقصد صوبے بھر میں کاروباری حضرات اور عوام کے لئے این او سی اور دیگر اجازت نامے حاصل کرنے کے عمل کو آسان اور موثربنانا ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ای بزنس بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت سے متعلقہ تمام سروسز پورٹل پر دستیاب ہونگی جس سے عوام کو مختلف سروسز کے حصول میں بڑی آسانی ہوگی۔ابتدائی مرحلہ میں ای بزنس پورٹل پر 30 سروسز مہیا ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کاروبار کی آسانی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورٹل سے عوام کو دفاتر کے بے جا چکروں سے بھی نجات ملے گی اور کاروباری افراد اب 30سے زائد کاروباری اقسام کے لئے مکمل طور پر آن لائن درخواست، ٹریکنگ اور منظوری حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ای بزنس پورٹل پنجاب کی ای گورننس اور ریگولیٹری نظام کی جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے برانچز کو ہدایت کی کہ کنورژن فیس، نقشہ منظوری، پیٹرول پمپ منظوری، ہا¶زنگ سوسائٹی اور نقشہ مکان کے نئے کیس ای پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔