تل ابیب،لندن،روم،بارسلونا :(مشرق نیوز)حماس کے مثبت جواب پر اسرائیل نے غزہ پر قبضے کا منصوبہ فوری روکدیااورفلسطینیوں کو اپنے علاقوں میں واپس جانے سے باز رہنے کی دھمکی بھی دےدی۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق فوج کے چیف آف سٹاف کی زیرصدارت حالیہ پیشرفت کی روشنی میں اجلاس ہوا ،ڈپٹی چیف آف سٹاف، آپریشنز، انٹیلی جنس و پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہوں سمیت دیگر نے شرکت کی،اجلاس کے دوران اسرائیلی چیف آف سٹاف نے یرغمالیوں کی رہائی منصوبے پرعملدرآمد کی تیاری آگے بڑھانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا اسرائیلی افواج کی حفاظت ترجیح ہے، افواج کی حفاظت کیلئے آئی ڈی ایف کی تمام صلاحیتیں سدرن کمانڈ کو تفویض کی جائیں گی۔
دریں اثنا امریکی صدر کے 20 نکاتی امن منصوبے پر رضامندی کے بعد اسرائیل نے نیا یوٹرن لیتے ہوئے فلسطینیوں کو گھر جانے سے روکدیا،عربی زبان میں نیا و سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے فلسطینیوں کو کہا گیا غزہ شہر واپس جانا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، اپنی جانوں کی حفاظت کےلئے واپس نہ جائیں،فضائی حملے و زمینی کارروائیاں جاری رہیں گی ،عام شہری بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔
ادھر فلسطینی صدر محمود عباس نے اعلان کیا جنگ ختم ہونے پر ایک سال کے اندر صدارتی و عام انتخابات کرائیں گے،3ماہ کے اندر عارضی آئین تیار کیاجائےگا تاکہ انتظامی ڈھانچے کو فلسطینی اتھارٹی سے ریاست میں منتقل کیا جا سکے ایسی کسی بھی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دیں گے جو دو ریاستی حل کی پابندی نہ کرے،موجودہ فیصلہ کن اور نازک مرحلے پرقومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب لندن کے مشہور ٹریفالگر سکوائر میں فلسطینیوں کے حق میں بڑی ریلی نکالی گئی،مظاہرین نے قتل عام بند کرنے ،تنظیم ”فلسطین ایکشن“ پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا،پولیس نے ریلی کے دوران متعدد شرکا کو حراست میں لے لیا،اٹلی میں غزہ کی حمایت میں ہڑتال کی گئی،لاکھوں افراد نے مظاہروں میں حصہ لیا،سپین کے شہر بارسلونا میں بھی اسرائیلی جنگ کےخلاف بڑا احتجاج کیا گیا،ہزاروں افراد نے شرکت کی ،سابق میئر سمیت 450 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا،یورپ کے دیگر ممالک میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرے ،ہڑتالیں کی گئیں
اسرائیل نے غزہ پر قبضے کا منصوبہ روکدیا،واپس جانےوالے فلسطینیوں کو دھمکی
















