اسرائیلی دہشتگردی ، صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی پر بھی قبضہ،ایک اور امدادی قافلہ چل پڑا


تل ابیب،غزہ:(مشرق نیوز)اسرائیل کا صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی پر بھی قبضہ،ایک اور امدادی قافلہ غزہ کی جانب چل پڑا۔

منتظمین گلوبل صمود فلوٹیلا کے مطابق آخری کشتی میرینیٹ (Marinette) کو غزہ سے 42.5 ناٹیکل میل (79 کلومیٹر) کے فاصلے پر اسرائیلی بحریہ نے روکا،مارینیٹ نامی کشتی پر پولینڈ کا پرچم لہرا رہا تھا ،6 رضاکاروں کاتعلق جرمنی، ترکی، عمان اور آسٹریلیا سے ہے،اسرائیلی فوجی ریڈیو نے تصدیق کی بحریہ نے کشتی پر مکمل کنٹرول حاصل کر کے عملے کو حراست میںلیکراشدود کی بندرگاہ منتقل کر دیا ،گرفتار رضاکارڈی پورٹیشن مکمل ہونے تک قید رہیں گے۔

دریں اثنا ایک اور امدادی فلوٹیلا غزہ کی جانب چل پڑا،بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) نے کہا 11 مزید جہاز اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کےلئے غزہ کی جانب گئے ،صحافی و طبی عملہ موجود ہے،دوسری جانب کشتیوں کو قبضے میں لینے اور گرفتاریوں کےخلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے،پاکستان،برطانیہ، اٹلی، سپین، فرانس، یونان، کولمبیا اور یمن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، کئی شہروں میں ٹریفک بند اور بعض مقامات پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔