لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ مریم نوازکے دورہ چین کے شاندار ثمرات ،نئی تاریخ رقم، پنجاب جنوبی ایشیا میں کینسر کے علاج کےلئے کو آبلیشن متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
مریم نواز نے میو ہسپتال میں پاکستان کے پہلے سرکاری کوآبلیشن سنٹر کاافتتاح کر نے کے بعد سرجیکل وارڈ میں مشین کا معائنہ کیا اور مزید5 کوآبلیشن مشینیں منگوانے ،ڈاکٹرز ،سٹاف کا پول قائم کرنے کاحکم دےدیا،کوآبلیشن کےلئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت،سینٹر کے ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل سٹاف سے ملاقات کر کے شاباش دی،کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کےلئے جانےوالے کینسر مریض سے بات چیت بھی کی، سینئر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی نے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کوآبلیشن مشین پر کینسر سیل کولیکوڈ نائٹروجن کے ذریعے منفی 198 ڈگری تک فریز کرکے ڈیڈ کیا جاتا ہے، دوسرے مرحلے میں کوآبلیشن مشین کے ذریعے کینسر سیل کو 83 ڈگری تک ہیٹ اپ کرکے ختم کیا جاتا ،60 سے 120 منٹ آپریشن کے بعد مریض چند ہی گھنٹوں میں چلنے پھرنے کے قابل ہوتا ہے، کوآبلیشن مشین پر ایک مریض کے علاج میں تقریباً 16 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں،کوآبلیشن مشین کے ذریعے جگر، پھیپھڑے ، بریسٹ کینسر کا ابتدائی طور علاج کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کے بعد صحت یاب ہونے والے پہلے5 مریضوں سے ملاقات کی، رانا اصغر و دیگر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو محسن قراردےدیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکو آبلیشن ٹریٹمنٹ کے تحت کینسر کے مریضوں کا 100 فیصد مفت علاج ہوگا، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے ضرورت مند وںکا بھی علاج کریں گے،کو آبلیشن کے نئے و جدید طریقہ کار کے ذریعے علاج شروع ہونے پر بے حد خوش ہوں،کینسر کے مریضوں کا جلد اور مفت علاج میرا عزم ہے، دورہ چین میں چینی حکومت کے دریافت کرنے پر ہیلتھ کو پہلی ترجیح قرار دیا، بیجنگ میں نمائش کے دوران کو آبلیشن مشین دیکھی اور پوری معلومات لی،چینی حکام نے کو آبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ پرپوری بریفنگ دی ،ویڈیو دکھائی، کوآبلیشن مشین بنانے والی کمپنی سے دورہ چین کے دوران ہی ایم او یو سائن کر لیا تھا۔
مریم نواز نے کہا پنجاب نے پاکستان میں کینسر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی لانے میں لیڈ لی ، بھارت سمیت خطے کے کسی بھی ہسپتال میں کوآبلیشن مشین موجود نہیں اگر کینسر کے مریض پر پیسے خرچ نہیں کرنے تو کہاں کرنے ہیں، کینسر کے مریض کا 100فیصد مفت علاج ہوگا،نواز شریف کینسر ہسپتال ابھی بن رہا ہے، فوری طور پر میو ہسپتال میں کوابلیشن ٹریٹمنٹ شروع کیا ،نیا طریقہ علاج ہونے کی وجہ سے کامیابی کے تناسب کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے،شکر ہے ابتدائی طور پر کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کرانے والے کینسر کے 5مریض مکمل صحت یاب ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا اصغر جگر کے پیچیدہ کینسر میں مبتلا تھے،60 منٹ میں پروسیجر مکمل ہوا، کسی کو کینسر ہو جائے تو پوری فیملی خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتی ہے،کینسر کا روایتی علاج کرنے پر مریض ذہنی و جسمانی طور پر ختم ہوجاتے ہیں، والدہ کو کینسر کی تکلیف سے گزرتے خود دیکھا ،دورہ چین کے دوران کوآبلیشن مشین دیکھ کرپنجاب میں لانے کا عہد کر لیا تھا، کینسر کے مریضوں کو تکلیف و پریشانی سے بچانے کےلئے میو ہسپتال میں فوری طور پر کو آبلیشن سینٹر قائم کیا ،بریسٹ، جگر و پھیپھڑوں کے کینسر کا علاج کیا جا رہا ہے، کڈنی کینسر کا بھی کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کیا جائے گا، سینٹر میں پتا، بون میرو اور صاف ٹشو کینسر کا علاج جلد شروع کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کوآبلیشن مشین سے5لوگوں کا کامیاب علاج حوصلہ افزا ہے، 5 کو آبلیشن مشینیں اور لائیں گے، نشتر ملتان، راولپنڈی اور 3 مشینیں نواز شریف کینسر ہسپتال میں نصب ہوں گی،نواز شریف کینسر ہسپتال دسمبر میں فعال ہوگا،کینسر کے علاج کےلئے تمام سہولتیں ،وسائل مہیا کریں گے، ڈاکٹروں کےساتھ پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی تربیت دی جائے گی،کوآبلیشن مشین طبی سائنس کی دنیا میں حیران کن انقلابی ایجاد ہے، کوآبلیشن سینٹر کے دروازے پنجاب کے عوام کےلئے تو کھلے ہی ہیں، باقی صوبے کے عوام بھی اپلائی کر سکتے ہیں،سرجری، کیمو ، ریڈیو تھراپی کے بغیر کینسر کا 60 منٹ میں علاج حیران کن و خوش آئند ہے۔
پنجاب کینسرعلاج کےلئے کو آبلیشن متعارف کرانے والا پہلا صوبہ
















