لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ کالونی فیز ٹو کیلئے صوبائی بجٹ 2025-26ءکیلئے منظور کردہ 40 کروڑ روپے وزرات اطلاعات پنجاب کو منتقل ہونے پر لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے فیز ٹو کے تمام دوستوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا ہے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ،سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز ، جنرل سیکرٹری زاہد عابد ،جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ،سیکرٹری فنانس سالک نوار اور ممبران گورننگ باڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے صحافیوں سے کیا گیا اپنا وعدہ عملی شکل میں پورا کردیا ہے۔وزیر اعلیٰ کا یہ اقدام صحافیوں اور بالخصوص لاہور پریس کلب کے ساتھ ان کی صحافی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آئندہ چند دنوں میں زمین کے حصول کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلایا جا رہا ہے جس میں زمین کی نشاندہی اور خریداری کا تمام پراسس مکمل کرلیا جائیگا۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر شکست خوردہ اور مایوس عناصر کی جانب سے فیز ٹو جیسے اہم منصوبے پر کی جانے والی بلا جواز تنقید کو مسترد کیا ہے۔ فیز ٹو ہزاروں صحافیوں اور ان کی فیملی کے گھر کا خواب ہے اور اس کے خلاف پروپگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے 40 کروڑ روپے کی خطیر رقم گرانٹ ان ایڈ کی شکل میں محکمہ وزارت اطلاعات پنجاب کو منتقل ہونے کو سراہتے ہوئے کہ ہے یہ وزیراعلی پنجاب کی صحافیوں سے دوستی اور سرپرستی کا عزم ہے کہ اب یہ رقم پنجاب کے کسی دوسرے منصوبے میں منتقل نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے فیز ٹو کے ممبران سے کہا ہے کہ وہ اپنی ہی چھت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کریں۔انہوں نے فیز ٹو جیسے منصوبے کا سنگ میل عبور کرنے پر تمام ممبران کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے لاہور پریس کلب اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہچانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائیگا۔
مریم نواز صحافیوں پر مہربان، صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے فنڈز کا اجرا
















