تباہ کن بارشیں،سیلابی صورتحال ، رین ایمرجنسی نافذ،ملک بھر میں178افراد جاں بحق

اسلام آباد،راولپنڈی،چکوال،فیصل آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)تباہ کن بارشیں،ندی نالے بپھر گئے،سیلابی صورتحال، موٹروے بھی زیر آب، رین ایمرجنسی،دفعہ144 نافذ،راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی، نشیبی علاقوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کاانخلا شروع ،ملک بھر میں اب تک بچوں ،خواتین سمیت 178 افراد جاں بحق ،491 زخمی ،این ڈی ایم اے نے جانی ومالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

جڑواں شہروں میں18گھنٹے کی ریکارڈ 130ملی میٹربارش نے راولپنڈی کو ڈبو دیا،دریائے سواں بپھر گیا، پانی کے ریلے آبادیوں میں داخل ہونے سے سڑکیں دریا کامنظر پیش کرتی رہیں،کھمبے زمین بوس،ریلے کئی گاڑیاں بہا لے گئے ، نالہ لئی کی سطح 23 فٹ تک بلند ہونے پر ہنگامی الارم بج اٹھے ،قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی،ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کرکے موسمیاتی حالات کے پیش نظر انتظامیہ نے راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر نے کہاعوام سے اپیل گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہرنہ نکلیں۔

ادھر چکوال ،جہلم میں کلاوڈ برسٹ ہونے سے ریکارڈ 423 ملی میٹربارش سے دیہات زیر آب آگئے، پوٹھوہار میں کئی چھوٹے ڈیمز ابل پڑے، ہندووں کا مقدس مقام کٹاس راج مندر ڈوب گیا، دھرابی کے قریب چھوٹا ڈیم ٹوٹنے سے ریلہ آبادی میں داخل ،دیگر کئی ڈیمز بھی بھرگئے،ریلے سڑکیں بہا لے گئے، کوہالی پل بھی نہ بچ سکا،موسلادھار بارش سے جہلم شہر بھی زیرآب آگیا،انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کےلئے فوج سے مدد طلب کرلی۔

پنجاب میں طوفانی بارشوں ،سیلابی صورتحال کے پیش نظر رین ایمرجنسی ،دفعہ144 نافذ ،ڈیموں، دریاوں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی،گلیوں، سڑکوں ،کھلی جگہوں پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا سرکاری ادارے جذبے ،انتھک محنت سے کام کر رہے ہیں، انتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو آگاہ رکھنے کی ہدایت کردی،شہری اداروں سے مکمل تعاون ،حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، عوامی جان و مال کا تحفظ ترجیح ہے،مریم نواز نے کہا ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر تمام ادارے عوام کو سیلابی صورتحال سے بچانے کےلئے متحرک رہیں۔

دریں اثنا این ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 17 جولائی تک ملک بھر میں جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 178 تک جا پہنچی ،491 افراد زخمی ہوئے،پنجاب 103 ،خیبرپختونخوا 38،سندھ 20،بلوچستان 16،آزاد کشمیر میں ایک شخص لقمہ اجل بنا،این ڈی ایم اے نے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا نشیبی علاقوں کے مکین خطرے کا سائرن بجنے پرفوری انخلا کی تیاری رکھیں، شہری متعلقہ اداروں کےساتھ تعاون کریں، این ڈی ایم اے ،متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں،شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر شہروں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔