ساہیوال (بےورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ساہیوال میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ صوبائی وزراءسید عاشق حسین کرمانی اور ملک صہیب احمد برتھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں ڈویژن بھر سے ارکان اسمبلی بھی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ را¶ عبدالکریم، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل اور ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محبوب رشید نے کابینہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 1749 مجالس اور 461 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی امداد کیلئے فوج کی 4 جبکہ رینجرز کی 2 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 71 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 783ویں عرس کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں اور عرس کی تقریبات کا آغاز 22 جون سے ہوچکا ہے جو 6 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جا کر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تمام ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضابرقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور بارش کی صورت میں متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے پیش نظر تمام مشینری کو فنکشنل رکھا جائے۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ قیام امن کیلئے ڈویژنل امن کمیٹی کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات عملہ شہریوں کی بحفاظت واپسی تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آرپی او محبوب رشید نے کہا کہ کیٹگری اے کی مجالس اور جلوسوں کیلئے اضافی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
محرم میں امن و امان کیلئے وزیراعلیٰ کی تمام ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا: خواجہ سلمان رفیق
















