لاہور (خبر نگار) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب سٹیز پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران 18 اضلاع کے 40 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کے پنجاب سٹیز پروگرام کے پہلے مرحلے میں ڈی جی خان، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، کامونکی، علی پور چٹھہ، نارووال، وزیرآباد، ڈسکہ، سیالکوٹ، پسرور، شکرگڑھ، سمبڑیال، گجرات اور لالہ موسیٰ شہر شامل ہیں۔ اسی طرح اجلاس میں کھاریاں، جلالپور جٹاں، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، پھالیہ، پھولنگر، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، کھڈیاں، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، فیروزوالہ، مریدکے کی سکیموں پر غور کیا گیا۔ کوٹ عبدالمالک، اٹک، حضرو، جہلم، بھکر، خوشاب، جوہر آباد، میانوالی، سرگودھا، ساہیوال (سرگودھا) اور بھیرہ شہر میں بھی سٹیز پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہر شہر کیلئے تیار پی سی ون کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف ہر شہر میں مسائل کا اینڈ ٹو اینڈ سولوشن چاہتی ہیں۔ اس میگا پراجیکٹ کے تحت ہر شہر میں سیوریج، ڈرین، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں، پارکس اور گلیوں کو پختہ کرنے کا کام ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت چھوٹے شہروں میں سیوریج سسٹم کا سرے سے ہی کوئی وجود نہیں تاہم اب پہلی بار ٹھوس پلاننگ کے تحت شہروں میں دیرپا سہولیات مہیا کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 61 شہروں میں کام کا آغاز جلد ہو جائے گا۔ اس منصوبے میں شہروں میں اگلے 25 سال کی ضروریات کو سامنے رکھا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر شہر میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں برساتی پانی کا بڑا ذخیرہ بنانا بھی پروگرام میں شامل ہے جس سے بارشوں کے باعث پانی کے نکاس مستقل طور پر حل ہوسکیں گے۔دریں اثناءوزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اپنے محکمے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو متوازن اور عوامی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ محکمہ بلدیات کا صوبائی امور چلانے میں بڑا اہم کردار ہے جو ماضی میں نظرانداز کیا گیا تاہم وزیراعلی مریم نواز نے نئے مالی سال کے بجٹ میں محکمہ بلدیات کو 122 ارب کی ایلوکیشن کی۔امسال محکمہ بلدیات میں فنڈز کا استعمال نوے فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر شہر اور ہر گاﺅں میں صفائی کا نیٹ ورک موجود ہے۔ عیدالاضحٰی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے فوائد پوری قوم کے سامنے آئے وزیر بلدیات نے کہا کہ جب یہ پروگرام شروع ہوا تو کچھ حلقوں نے تنقید کی کہ یہ شاید غیرملکی منصوبہ ہوگا لیکن الحمداللہ اب ثابت ہوگیا کہ یہ سو فیصد مقامی انڈسٹری پر مشتمل منصوبہ ہے۔ وزیراعلی نے سوا لاکھ افراد کو براہ راست نوکریاں دیں جبکہ بالواسطہ مواقع الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا شاہکار منصوبہ ہے۔ ذیشان رفیق نے ایوان کو بتایا کہ صرف سالڈ ویسٹ نہیں بلکہ پنجاب حکومت اب سیوریج کے مسائل کا بھی جامع حل لا رہی ہے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 88 ہزار گلیاں اور سڑکوں سے تجاوزات ختم کرنا وزیراعلی مریم نواز کا دلیرانہ اقدام ہے۔
ٹھوس پلاننگ کے تحت شہروں میں دیرپا سہولیات مہیا کریں گے: صوبائی وزیر بلدیات
















