لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روٹی کے نرخ کم کرنے کی ٹھان لی ۔
مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں روٹی کی قیمت مزید کم کرنے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کاجائزہ لیا گیا، مریم نوازنے آٹے کے نئے نرخ کے مطابق روٹی کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دیا اور پنجاب بھر میں آٹا سستا ہونے پر روٹی کے نرخ میں کمی لانے ،پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو روٹی کا ریٹ کم کرنے کےلئے فوری اقدامات کا حکم دےدیا۔
وزیراعلیٰ نے چکن، سبزیوں اور دالوں کے نرخ کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، چکن مہنگا ہوا تو غریب ہفتے میں ایک دن بھی نہیں کھا سکے گا،مجھے ہرگز برداشت نہیں،روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے، آٹے کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست غریب عوام کوپہنچناچاہیے۔
مزید بر آں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف آرٹ ”نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن“ میں انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا، سینٹر میں تمام نجی اداروں سے بہترین انتظامات ، کلرفل کلاس روم، شاندار ماحول اور جدید طریقہ تعلیم متعارف کرایا گیا۔
مریم نواز نے پری سکول بیل بجا کر سینٹر ایکسی لینس فار” ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن“کا باقاعدہ آغاز کیا ، انرولمنٹ مہم میںصوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کمسن بیٹا یوسف سینٹرفار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں سب سے پہلے داخلہ لینے والوں میں شامل ہیں،وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل کرانے والے پہلے صوبائی وزیر بن گئے۔
وزیراعلیٰ نے نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کی آفیشل یونیفارم کی رونمائی بھی کی، مریم نواز نے نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا دورہ کیا اور کمسن بچوں اور والدین سے بات چیت کی،وزیر اعلیٰ نے والدین اور بچوں کےساتھ بیٹھ کر تصاویر بنوائی، مریم نے ہر کلاس روم اور آرٹ اینڈ ڈرائینگ روم کا معائنہ کیا، جم اور سوئمنگ پول کا بھی جائزہ لیا، ہر کلاس روم میںجاکر بچوں کو تحائف پیش کیے۔
مریم نواز نے کمسن بچے سے اظہار شفقت کرتے ہوئے کہا ”کتنے کیوٹ لگ رہے ہیں“،وزیر اعلیٰ نے بچوں سے نام اور عمر بھی دریافت کی، مریم نواز نے ننھے بچے سے مکالمہ کیا ”عینک سر پر کیوں پہنی ہے،آنکھوں پر لگائیں“،ننھے بچے نے اپنا نام لکھ کر دکھایا تو وزیراعلیٰ نے شاباش دی اور پیار کیا، آپ وہی ہیں جن کی بڑی بڑی تصویر یں لگی ہیں،ننھی طالبہ نے مریم نواز کو پہچان کر مسرت کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ نے بچوں کےلئے واش روم کا جائزہ لیا، صفائی برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے:مریم نواز
















