لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ آج کے دن میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا تھا، 28 مئی کو اس قوم کے بیٹے نواز شریف نے اپنا عظیم وعدہ پورا کیا تھا، 1998 میں دنیا بھر کی شدید مخالف کے باوجود میاں نواز شریف نے پاکستانی قوم کو ایٹمی طاقت بننے کا تحفہ دیا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں نے کہاکہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے پر پوری قوم میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ آج کوئی بھی دشمن میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔ 28 مئی کے دن نے پاکستانی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا تھا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا ہے۔ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ انشاءاللہ میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔آج کے دن پاکستان کو مزید مستحکم کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستانی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازاپنے بزرگوں کی طرح عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا:خواجہ سلمان رفیق
















