اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اب ہم ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہیں۔ اسلام آباد میں جناح سکوائر انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں توسیع و تزئین کے وسیع و عریض منصوبے جاری ہیں،ٹریفک کے بہاو میں بہتری آچکی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہترین اقدامات کیلئے وزیر داخلہ محسن نقوی مبارکباد کے مستحق ہیں، اسلام آباد خوبصورتی کا گہوارہ بنے گا، اجتماعی کاوشوں سے معیشت میں استحکام آیا، اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کا نام بلند ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہترین کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں بہتری آئی، بلوچستان کے عوام کو تحفہ دیا ہے، بلوچستان کا ٹریک 2 ہزار کے قریب جانیں نگل چکا ہے، بلوچستان کے خونی ٹریک کو ہائی وے بنانے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ این ایف سی میں بلوچستان کا کوٹا ڈبل کر دیا گیا ہے، بلوچستان میں فاصلے زیادہ ہیں، بلوچستان کے عوام کو ایسا منصوبہ چاہیے تھا جو تمام اقوام کے دل کی آواز ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تکمیل تمام اکائیوں سے ہوتی ہے، تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا وژن ہے، منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کریں گے، 2 سال میں 300 ارب سے زائد کے تخمینے سے شاہراہ تعمیر ہو گی۔
اب ہم ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہیں: وزیر اعظم شہباز شریف


















