ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ اور پہچان کا ذریعہ ہے اور ہمیں چاہئے کہ وطن کی ترقی اور مضبوطی کے لئے اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا بنیادی مقصد ملک کو پرامن بنا کر ترقی کی راہیں ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو روشن فکر کے ساتھ قومی سطح پر درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی منزلوں کا تعین کرنا ہوگا تاکہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال آرٹس کونسل اور رفاہ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس کے اشتراک سے یوم پاکستان کے سلسلے میں“پاکستانیت، قومی سلامتی اور نسل نو”کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہوں نے ہی ملک کو آگے لے جاناہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کی جائے اور اس سلسلہ میں سکولز و کالجز میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ تحقیق اور جستجو کو اپنی تعلیم کا حصہ بنائیں اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں۔ سی ای او رفاہ یونیورسٹی چوہدری امین نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ نئی نسل میں قومی فکری رجحان کو فروغ دینے میں حکومت کا ساتھ دے گا۔ پروفیسر عمران جعفر نے اپنے خطاب میں تاریخی پس منظر میں پاکستان کی نظریاتی اور فکری تاریخ سے نوجوانوں کو روشناس کروایا۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کہا کہ نئی نسل کو قومی بیانیہ سے آگاہ کرنا آرٹس کونسل کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال آرٹس کونسل آئندہ بھی مختلف تعلیمی اداروں میں نسل نو کی فکری تربیت کیلئے اپنا اہم کردارادا کرتی رہے گی۔ تقریب کی نظامت پروفیسر طارق محمود جب کہ اس کے انتظامی امور کو محمد کاشف انوار نے بخوبی سنبھالا۔ سیمینار میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نیشنل ایکشن پلان کا بنیادی مقصد امن بحال، ترقی کی راہیں ہموار کرنا ہے :کمشنر ساہیوال
















