لاہور (علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ میں لاہورکے مختلف موضع جات میں 80 کنال رقبہ کی جعلی فائلیں اور کرایہ داری کا انکشاف ہوا ہے جس پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے تحریری مراسلہ وفاقی حکومت اور چیئرمین کو ارسال کردیا ہے ، اس پر سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں تحقیقات ہو رہی ہے ، اور جلد تحقیقات کے بعد رپورٹ مرتب کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد کو تبدیل کرنے کا معاملہ ناجائز تعمیرات سے متعلق ہے۔ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہندو اور سکھوں کی تقسیم برصغیر کے بعد کی اراضی کا امین قرار دیا گیا ہے لیکن اس محکمہ کی ملی بھگت سے مذکورہ املاک کی ہزاروں مربع اراضی پر ناجائز قابضین موجود ہیں۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور منیر احمد نے وفاقی حکومت، چیئرمین متروکہ وقف املاک کو تحریری مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں صاف الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ لاہور کے موضع جات لاٹ 34 موضع مانک ، بھائی کوٹ ، ڈیرہ چال، سلطانکے، تھہ پنجو بیدیاں روڈ اور ان سے ملحقہ قریب 80 کنال اراضی کی جعلی فائلیں تیار کی گئی اور بعد ازاں جعلی کرایہ داریاں بھی تشکیل دی گئی ہیں اور ان تمام جعلسازیوں میں و ملازمین شامل ہیں جو لاہوں میں ان موضع جات میں 20 سال سے زائد کے تعینات رہے ہیں ، جبکہ دوسری جانب حیرت انگیز امر تو یہ ہے کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد کو مراسلہ مراسلہ ارسال کرنے کے بعد او ایس ڈی کردیا گیا جبکہ اس کی سیٹ پر ایکس کیڈر سکیورٹی سپروائزر عاصم اعجاز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی گارڈ کا اراضی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے، منیر احمد نے اپنے مراسلہ میں یہ بھی تحریر کیا ہے کہ مذکورہ متروکہ وقف املاک کے ملازمین نے سپارکو کے کو بھی مسلسل دھوکہ ہی سے کام لیا ہے جبکہ متروکہ وقف املاک نے سپارکو کو 20 کروڑ سے ذائد کی فیس بھی جمع کروارکھی ہے، جیوٹیکنگ بھی درست نہیں ہو پارہی ہے۔ اس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حساس ادارے پر مبنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ درست جیوٹیکنگ کا عمل شروع کیا جاسکے، مشرق نے تحقیقات کے بعد متعدد ایسی اراضی کی معلومات حاصل کرلی ہے جس کا متروکہ وقف املاک سے ریکارڈ تک غائب ہو چکا ہے ان اراضی پر فارم ہاﺅسز اور پرائیویٹ ہاو¿سنگ سوسائٹیز تعمیر کی جا چکی ہیں ۔
متروکہ وقف املاک بورڈ، مختلف موضع جات میں 80 کنال اراضی کی جعلی فائلیں، کرایہ داری کا انکشاف
















