3دہائیوں بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کاآغاز،فنکاروں نے چار چاند لگادئیے

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) 3دہائیوں بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کاآغاز،فنکاروں نے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فورٹریس سٹیڈیم آمد پروزیر اعظم شہباز شریف کا خیر مقدم کیا، دونوں کی روایتی بگھی میں آمد ہوئی ،4گھڑ سواروں کے دستے نے چبوترے کے سامنے آکر ہارس اینڈ کیٹل شو کے آغاز کی اجازت طلب کی،مہمانان خصوصی نے رسمی اجازت دے کر ہارس اینڈ کیٹل شو2025کاباقاعدہ افتتاح کیا، مریم نواز نے ہینڈ پرنٹ سے میلے کا منفرد ڈیجیٹل افتتاح بھی کردیا۔

ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز ہوتے ہی فورٹریس سٹیڈیم ڈھول کی تھاپ سے گونج اٹھا، پاکستان، کویت، ناروے، عمان، قطر، سعودی عرب، ساوتھ افریقہ ، امریکہ کی انٹرنیشنل ٹینٹ پیکنگ ٹیموں کے دستوں ، پاکستان، ایران، ترکیہ، تاجکستان کی آرچری ٹیموں کے دستے نے مارچ کیا، ڈھول کی تھاپ پر ناچتے اونٹ ،اونٹنیوں سے لائیو سٹاک مارچ کا آغاز ہوا۔

ایونٹ میں نیلی راوی ساہیوال و دیگر پنجاب کی بہترین نسل کی بھینس کی نمائش ہوئی ، لوہی، مندری بھیڑ، تھل، فیصل آباد ، گجرات بیتل اور ناچی بکریاں بھی نمائش کیلئے پیش کی گئیں، علاقائی و صوبائی ثقافت کی عکاسی کرتے رنگ برنگے فلوٹ حاضرین کی دلچسپی کا مرکز بنے رہے،سجے سجائے فلوٹس پر روایتی علاقائی رقص کے مظاہرے کیے گئے، سینکڑوں ڈھولچی کے دستے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، بیک وقت 6 ڈھول بجاتے ڈھولچی مرکز نگاہ بن گئے، ہارس اینڈ کیٹل شو میں درویش رقص کا سحر انگیز شو بھی پیش کیا گیا۔

سلواکیہ کے ماہر فنکاروں نے لیزر لائٹس کرتب سے شائقین کو محظوظ کیا، مقدونیہ کے بینڈ نے ہارس اینڈ کیٹل شو میں فن کے جوہر دکھائے، معروف کوریوگرافر وہاب شاہ نے سینکڑوں فنکاروں کے ہمراہ پنجاب کے روایتی گیت پیش کر کے سماں باندھ دیا،عاطف اسلم کی خصوصی پرفارمنس سے ہزاروں بچے ،نوجوان سٹیج کے سامنے جمع ہو گئے ،تقریب میں ڈرون سے قومی پرچم، مینار پاکستان و دیگر قومی و علاقائی لیزر امیج بھی پیش کئے گئے،مشعلیں روشن کی گئیں، ایونٹ میں کثیر تعداد میں فیملیز نے شرکت کی اور تالیاں بجا کر داد دیتے رہے،وزیراعلیٰ پنجاب نے حاضرین کے پاس جا کر ملاقات کی، حاضرین نے پرجوش نعروں سے خیر مقدم کیا۔