جامعہ ہجویریہ کے فارغ التحصیل طلبہ معاشرے میں رواداری کو فروغ دیں: چوہدری شافع

لاہور (اپنے نمائندے سے) صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع نے داتا دربار حاضری دی اور حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔صوبائی وزیراوقاف نے داتا دربار توسیع منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے منصوبے بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اوقاف نے جامع مسجد داتا دربار میں جامعہ ہجویریہ کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے اس پروقار تقریب میں شرکت باعث اعزاز اور فخر کی بات ہے۔صوبائی وزیر اوقاف نے جامعہ ہجویریہ سے فارغ التحصیل طلباءکو مبارکباددی اور کہاکہ آپ نے اسلام کے پیغام کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔فارغ التحصیل طلباءمعاشرے میں رواداری،اخوت اور اتحاد کو فروغ دینے میں آگے بڑھیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اوقاف کے زیر اہتمام دینی مدارس کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔خاتم النبیین یونیورسٹی کو فعال بنانے کا عمل شروع کردیا ہے۔دینی مدارس کے طلباءکو یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سہولت دیں گے۔دریں اثناءصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے لاہور میں پہلے ای وی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔یہ ای وی چارجنگ اسٹیشن اے ڈی ایم گروپ نے ملک فلنگ اسٹیشن ضرار شہید روڈ پر لگایا ہے۔یہ گروپ 3ہزار ای وی چارجنگ اسٹیشن لگائے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ای وی چارجنگ اسٹیشن کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر بے حد اہمیت اختیار کر گیا ہے،دنیا ای وی سیکٹر کی جانب بڑھ رہی ہے،پاکستان کا مستقبل بھی اسی سیکٹر سے جڑا ہے۔پنجاب حکومت کا فوکس بھی ای وی سیکٹر کا فروغ ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کی کمپنیوں نے پنجاب میں سستی الیکٹرک گاڑیوں کے پلانٹ لگانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔جتنے زیادہ ای وی چارجنگ اسٹیشن بنیں گے اتنی ہی زیادہ الیکٹرک گاڑیاں آئیں گی۔حکومت چاہتی ہے کہ الیکٹرک گاڑیاں پنجاب میں مینوفیکچر ہوں۔ملک گروپ کے چیئرمین ملک خدا بخش،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے جلال حسن خان اور صنعتکار تقریب میں موجود تھے۔