کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 82 ویں سالانہ یوم والدین تقریب، نیول چیف کی خصوصی شرکت، کیڈٹس کی نمایاں کارکردگی پر بھرپور ستائش
کراچی (بیورو رپورٹ) کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 82 ویں یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی کی آمد پر کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کیڈٹس کو بہترین تربیتی سہولیات فراہم کرنے اور بورڈ کے سالانہ نتائج میں کیڈٹس کی جانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر فیکلٹی اور انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ادارے کی ترقی اور فلاح کیلئے حکومت سندھ کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹ کالج سانگھڑ میں اعلیٰ تعلیمی معیار اور کردار سازی کو یقینی بنانے کیلئے ہیڈکوارٹر کمکار کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج سانگھڑ کے پرنسپل کموڈور ذیشان علی نے سالانہ رپورٹ 2024ءپیش کی اور تعلیمی، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کیڈٹس کی غیر معمولی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2024ءمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سابق کیڈٹ فہیم احمد اور سابق کیڈٹ صاحب خان نے بالترتیب سٹک آف آنر اور بیج آف آنر کے اعلیٰ ترین انعامات حاصل کئے۔ سابق کیڈٹ جنید بابر نے بہترین تعلیمی کارکردگی پر قائداعظم میڈل حاصل کیا۔ جبکہ کیڈٹ عزیز کو بہترین سپورٹس مین کا ایوارڈ اور کیڈٹ محمد علی کو سال 2024ءکا بہترین ڈیبیٹر قرار دیا گیا۔ تقریب میں پریڈ، پی ٹی شو، ٹائیگر سکواڈ ڈرل اور ٹینٹ پیگنگ شامل تھیں جن سے حاضرین نے بھرپور لطف اٹھایا اور کیڈٹس کی کارکردگی کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹس کی طرف سے پیش کی گئی سائنس، آرٹس اور ثقافتی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا اور ان کی کاوشوں اور محنت کو سراہا۔ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، بورڈ آف گورنرز کے ارکان اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ برائے سال 2024ءپی این ایس قاسم میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کے تحت یہ تقریب ہر سال آپریشنل سال کے کامیاب اختتام پر منعقد ہوتی ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ کوسٹل کمانڈ نے اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کے چیلنجز کے باوجود سر کریک سے جیوانی تک پاکستان کے ساحلی علاقوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے مشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ نے کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور 2024ءکے دوران کی جانے والی سرگرمیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال کے دوران مختلف آپریشنل، انتظامی اور فلاحی منصوبوں میں کمانڈ کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایوارڈز اور ٹرافیاں پیش کیں۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ نیول آفیسرز، سول معززین اور سی پی او/سیلرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


















