سکیورٹی کنٹرول ہمارے پاس رہیگا، اسرائیل کا غزہ سے متعلق منصوبے کا اعلان

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے معاہدہ طے پانے میں ناکامی کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی پٹی کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گی۔ سکیورٹی حماس کے ماتحت نہیں ہوگی۔ غزہ میں سکیورٹی کا کنٹرول اسرائیلی فوج کے ہاتھ میں رہیگا۔ یہاں حماس کی حکومت نہیں رہے گی، یہاں حماس کا کوئی فوجی کنٹرول نہیں ہوگا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ غزہ میں بفر زونز اور کنٹرول سائٹس ہوں گی اور اس کے ساتھ ہم تمام یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کو شکست دینے کیلئے کام کریں گے۔ کاٹز نے مزید کہا کہ غزہ اور مصر کی سرحد کے ساتھ فلاڈیلفیا محور کی سکیورٹی اسرائیلی فوج کے ہاتھ میں رہے گی۔ جس سے خطرات کو دور کرنے، سرنگوں کی کھدائی کو روکنے، دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کو روکنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لبنان اور شام کی طرح یہاں غزہ میں بھی ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسرائیلی قصبوں، اسرائیل کے شہریوں اور اسرائیل کے فوجیوں کے خلاف مزید خطرات پیدا نہ ہوں۔