ساہیوال ڈویژن میں گندم کی کاشت کا99فیصد ہدف حاصل کر لیاگیا

ساہیوال(بےورورپورٹ)محکمہ زراعت کی کوششیں رنگ لے آئیں، ساہیوال ڈویژن میں گندم کی کاشت کا99فیصد ہدف حاصل کر لیا، 9لاکھ20ہزار ایکڑ کے ہدف میں سے3دسمبر تک 9 لاکھ 10 ہزار 912 ایکڑ پر گندم کاشت ہو چکی ہے جبکہ بوائی 10دسمبر تک جاری رہے گی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر کی گندم بوائی کی ڈویژنل کمیٹی میں بریفنگ۔ کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزصائمہ علی، احمد عثمان جاویداور سعدیہ مہر اورمحکمہ ریونیو، زراعت اور اریگیشن کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے محکمہ زراعت کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمے کے فیلڈ عملے نے جس طرح ڈویژن بھر میں فارمرز ڈے کا انعقاد کرکے زمینداروں سے قریبی رابطہ رکھا اور انہیں معیاری بیج اور کھادوں کی خریداری میں معاونت کی وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 10دسمبر تک اس مہم کو جاری رکھا جائے تاکہ ملک کی فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ اب تک ضلع ساہیوال میں 3لاکھ4ہزار470ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 3لاکھ58ہزار936ایکڑ اور ضلع پاک پتن میں 2لاکھ47ہزار507ایکڑ رقبے پر گندم کاشت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے گھوڑی پال اور نمبرداری رقبے پر بھی ریکارڈ گندم کاشت ہوئی ہے جو بالترتیب53320ایکڑ اور 18040 ایکڑ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گندم اگا مہم میں ڈویژن کی ہر تحصیل میں نمبردار کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں 1726افراد نے شرکت کی جبکہ کسانوں کے ساتھ 50بڑے ایونٹ بھی منعقد کئے گئے جن میں 6727کسانوں نے شرکت کی جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ہزاروں کسانوں سے قریبی رابطہ رکھا گیا اور انہیں بروقت معلومات فراہم کی گئیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے لوئر باری دوآب میں پانی کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ اریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ دسمبر میں کسانوں کی ضروریات کے مطابق نہری پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ گندم کے کسان کھاد کے ساتھ فصل کو پہلا پانی دے سکیں۔ انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں گندم کی بوائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پالتو جانوروں کے کاٹنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔ کارپوریشن عوام کو پالتو جانوروں کی ویکسی نیشن کروانے کی مہم چلائے۔ مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ گھروں میں رکھے گئے پالتو جانوروں خصوصاً کتوں اور بلیوں کی ویکسی نیشن ضرور کروائیں تاکہ انہیں بھی مختلف بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے کرایہ میں ڈیفالٹر دوکانداروں سے بقایا جات کی وصولی تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ بقایا جات کلیئر کئے بغیر کوئی دوکاندار نیلامی میں حصہ نہیں لے سکتا۔ سی او شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ بقایاجات کی وصولی کی مہم میں اب تک5کروڑ9لاکھ روپے سے زائد رقم وصول ہوئی ہے جو کل بقایا جات کا17.81فی صد جبکہ باقی کی وصولی کیلئے محکمہ ریونیو کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔