لاہور (حافظ عثمان رندھاوا) محکمہ تعلیم نے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کیلئے 20 نکاتی گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈسپلن اور شفاف تدریسی نظام کیلئے 20 نکاتی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ، تحصیل ایجوکیشن افسران اور سکول سربراہان کو گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تدریسی اوقات میں اساتذہ، طلباءاور نان ٹیچنگ سٹاف کے بند جبکہ موبائل فون ہیڈ ٹیچر کو جمع کرائے جائیں گے، سٹاف ڈریس کوٹ اور بند شوز لازمی پہنے گا، ٹیچرز اور طلباءاپنے نام کا بیج لگائیں گے، یونیفارم کے ساتھ جرسی لازمی پہنیں گے، مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ ہوگا، ہر کلاس کا سی آر ہوگا اور طلبہ رجسٹر استعمال کریں گے۔ محکمہ تعلیم کا گائیڈ لائنز میں کہنا ہے کہ ہر کلاس میں وائٹ بورڈ کے ایک کارنر پر حاضر اور غیرحاضر طلباءاور مضمون کا خانہ ہوگا، پڑھایا جانے والا مضمون اور اہم نکات بورڈ پر درج ہوں گے، طلباءکے ناخن اور بال کٹنگ روزانہ چیک ہوگی، اساتذہ گھڑی پہنیں گے، اسمبلی میں ہیڈ سمیت تمام ٹیچرز کی حاضری لازمی ہوگی، سکول میں مختلف اقوال زریں کے تین یا چار پینافلیکس لگیں گے۔دوسری طرف پنجاب بھر کے پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کے بارے میں اہم اعلان سامنے آگیا، اس حوالے سے سیکرٹری سکولز پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا ہے کہ اس سال سکولوں میں موسم سرما کیلئے 20 دن کی چھٹیاں ہوں گی، پنجاب بھر کے سکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا، موسم سرما کی چھٹیوں کا سلسلہ 10 جنوری 2025ءتک جاری رہیگا۔
پنجاب میں دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی
















