پنجاب ،ذیابیطس،شوگر کے پیدائشی مریض بچوں کو دہلیز پر مفت انسولین کی فراہمی

لاہور:(اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ذیابیطس ،شوگر کے پیدائشی مریض بچوں کےلئے مفت انسولین کی فراہمی کا پراجیکٹ لانچ کر دیا گیا ،ٹاپ ون ڈایابیٹک بچوں کو انسولین گھر پر ہی پہنچائی جائےں گی۔

چیف منسٹر مریم نواز پروگرام کے تحت ٹاپ ون ڈایابیٹک بچوں کے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا،بچوںکو گھر بیٹھے ہی چیف منسٹر مریم نوازانسولین پروگرام میں رجسٹریشن کی سہولت ،خصوصی ہیلپ 1033بھی قائم کر دی گئی، ٹاپ ون ڈایابیٹک بچے کی مفت انسولین کےلئے تحصیل یا ضلع میں این سی ڈی کلینک پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

مریم نوازنے کہا ننھے بچے پھول کی مانند ہوتے ہیں ،مرجھانے نہیں دیں گے،ٹاپ ون ڈایابیٹک بچوں کو ہسپتال آنے جانے کی کوفت سے بچانے کےلئے گھر بیٹھے انسولین دی جائے گی،پنجاب بھر میں بچوں کی صحت و علاج کےلئے تمام تر میسر وسائل مہیا کریں گے۔

دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب نے سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا سندھ پاکستان اور دنیا کے کونے کونے میں موجودسندھی بہن بھائیوں کوسندھی ثقافتی دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں،سندھ کی خوبصورت اور قدیم تہذیب و ثقافت سب کےلئے دلکشی کا سبب ہیں۔

علاوہ ازیں مریم نوازنے ایڈز سے بچاﺅ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ایڈز اہم سماجی و اقتصادی مسئلہ ہے،بچاﺅ کےلئے سب کو کاوشیں کرنا ہوں گی،متاثرہ افراد کے علاج اور رہنمائی کو یقینی بنا کر معاشرے کا کارآمد شہری بنانا عزم ہے،ایڈز کے مریض نفرت نہیں ہمدردی کے مستحق ہیں۔