بیروت،مقبوضہ بیت المقدس،تہران،صنعا:(مشرق نیوز)اسرائیلی حملے میں حسن نصر اللہ بیٹی سمیت شہید،شیخ نعیم قاسم حزب اللہ کے عبوری سربراہ مقرر،لبنانی مزاحمتی تنظیم نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے جنگ جاری رکھنے کااعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللہ ہیڈ کوارٹر پر ہونےوالے حملے کانشانہ بنے،اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ تقریباً 5 گھنٹوں تک جاری رہا،حزب اللہ کے زیر کنٹرول جنوبی مضافاتی علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا،اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللہ بمباری کا شکار عمارت میں زمین کے 14 منزل نیچے قیام کرتے تھے،حملے میں حزب اللہ کے سربراہ کی بیٹی زینب نے بھی شہادت پائی۔
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے میزائل یونٹ سربراہ علی اسماعیل اور نائب حسین احمد اسماعیل کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لبنانی مزاحمتی تنظیم کے سٹرٹیجک اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جس میں ہتھیاروں کی تیاری، گودام اور کمانڈ سینٹرز شامل ہیں۔
حزب اللہ نے سربراہ کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہااسرائیل کےخلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ ، فلسطین کی حمایت، لبنان کے دفاع کیلئے اپنا جہاد جاری رکھیں گے،دریں اثنا لبنانی تنظیم حزب اللہ نے سینئر رہنما شیخ نعیم قاسم کو عارضی سربراہ چن لیا ۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نعیم قاسم نئے سربراہ کے انتخاب تک معاملات سنبھال لیں گے،ہاشم صفی الدین کو حزب اللہ کا سربراہ منتخب کیے جانے کا قوی امکان ہے، ہاشم صفی الدین حسن نصراللہ شہید کے خالہ زاد بھائی اور داماد بھی ہیں۔
دریں اثنا حزب اللہ نے اپنے سربراہ کی شہادت پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کم ازکم 65 راکٹ برسادئیے،کئی شہروں میں آگ بھڑک اٹھی ،تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کردیا گیا،عالمی میڈیا کے مطابق لبنانی اسلامی حریت پسند تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے متعدد شہروں صفاد، کرمیل و دیگر شہروںکو نشانہ بنایا،اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ ہوگیا، شیلٹر کھول دئیے گئے۔
مزید برآں لبنان ،فلسطین پر جاری اسرائیلی بمباری کا انتقام لیتے ہوئے یمنی افواج نے بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں پر بڑا حملہ کیا ،مزاحمتی فورسز کی جانب سے عراق سے بھی مقبوضہ علاقوں میں اہم ہدف کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ،یمنی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیٰ ساری نے کہا تازہ حملے میں 3امریکی ڈسٹرائیر نشانہ بنائے گئے جو اسرائیل کی مدد کےلئے مقبوضہ علاقوں کی جانب بڑھ رہے تھے، فوجی ترجمان کے مطابق حملے میں بحریہ، فضائیہ اور بری فوج نے حصہ لیا،23بیلسٹ اور ونگڈ میزائل داغے ،ڈرونز سے بھی مدد لی گئی،حملے جاری رہیں گے۔
دوسری جانب غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران نے 5روزہ سوگ کااعلان کر دیا،سپریم لیڈر خامنہ ای کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے سکیورٹی مزید سخت کردی گئی،خامنہ ای نے بیان میں کہا لبنان میں غیرمسلح شہریوں کی شہادت سے صہیونی حکومت کی وحشیانہ فطرت آشکار ہوگئی ،دہشت گرد گینگ حکمران صہیونی رہنماوں نے غزہ میں ایک سال کی جنگ سے سبق نہیں سیکھا ،تمام مسلمان متحد ہو کر لبنان کے عوام اور حزب اللہ کےساتھ کھڑے ہوں۔
ایران کے نائب صدر اول رضا عارف نے کہا حسن نصر اللہ کی شہادت اسرائیلی تباہی کا باعث بنے گی،خطے اور دنیا میں افراتفری پھیلانے کا اسرائیلی منصوبہ ناکام ہو گا، حسن نصر اللہ ظلم کےخلاف جنگ کی علامت ہیں۔
علاوہ ازیں فلسطینی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیلی حملے کو بزدلانہ دہشتگرد کارروائی اور گھناو¿نا جرم قرار دیتے ہوئے کہاحسن نصراللہ معرکہ طوفان الاقصیٰ کے شہید ہیں،بیت المقدس ،فلسطین کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہادت سے اسرائیل کےخلاف جنگ کو مزید طاقت ملے گی،پوری طاقت، بہادری اور فخر کےساتھ شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فتح تک مزاحمت کی راہ پر گامزن رہیں گے،نہتے لوگوں کے قتل عام پر عالمی برادری، مسلم اور عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔
اسرائیلی حملے میں حسن نصر اللہ بیٹی سمیت شہید،ایران میں5روزہ سوگ،خامنہ ای محفوظ مقام پر منتقل
















