نیویارک (بیورو رپورٹ) ”سرکار کی آمد مرحبا“.... نیولائف مینارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیراہتمام بروکلین میں جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرپرسن راحیلہ اسلم، ایڈوائزر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، سمیرا انور، راشدہ باجی، عظمیٰ نور قادری، مہوش خاور، نجمہ راجپوت، ایم ذوالفقار، ثروت جہاں، شبانہ حسین، مسرت، صبا ملک، مسرت عثمان، شگفتہ شجاع، روبینہ صفدر، عطیہ اور راحیلہ یاسمین سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس کے باعث ہوٹل کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور اکثر خواتین باہر گاڑیوں میں ہی بیٹھ کر نعت رسول مقبول اور درود شریف کا ورد کرتی رہیں۔ پرنور محفل میں نعت خواں خواتین نے گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ سارا دن درود شریف مقدس ورد بھی جاری رہا۔ محفل میں جشن عید میلاد النبی کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے راحیلہ اسلم اور ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروکلین کی تاریخ میں ایسا عظیم الشان پروگرام پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیولائف مینارٹی کونسل کمیونٹی کی دلوں میں بستی ہے۔ راحیلہ اسلم اور ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ہمہ وقت کمیونٹی کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور امید ہے خدمت کا یہ جذبہ ہمیشہ یونہی جاری و ساری رہیگا۔
نیویارک، نیولائف مینارٹی کونسل کی عظیم الشان محفل میلاد
















