اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترامیم کیس میں ریمارکس دئیے کیا قائم مقام صدر آرڈیننس پاس کر سکتا ہے یا نہیں؟۔
نیب ترمیمی آرڈیننس 2024 کےخلاف دائر درخواست پر اعتراضات کےساتھ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی ،چیف جسٹس عامر فاروق نے پٹیشن پر اعتراضات دور کردئیے، درخواست گزار کی جانب سے وکیل اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت وکیل نے عدالت کو بتایانئے ترمیمی آرڈیننس میں ریمانڈ کا دورانیہ 14 سے بڑھا کر 40 دن کردیا گیااور بدنیتی پر مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا 5 سے کم کر کے 2 سال کردی گئی ۔
وکیل نے دلائل میں کہا 14 دن سے زائد ریمانڈ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،بدنیتی پر مبنی جھوٹا مقدمہ بنانے والے افسر کی سزا صرف 2 سال کیوں؟،نیب ریفرنسز کے ملزمان 14، 14 سال سزائیں بھگتتے ہیں،یہ ایک ظالمانہ قانون ہے، ترمیمی آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لینا چاہیے،آرڈیننس بھی پارلیمنٹ لے جائے بغیر پاس کیا گیا، اقدام قانونی کی منشا کےخلاف ہے۔
جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دئیے اہم سوال یہ ہے کیا قائم مقام صدر آرڈیننس پاس کرسکتا ہے یا نہیں؟ عدالت نے صدارتی آرڈیننسز سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کو دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹسسز جاری کردئیے اور جواب طلب کرلیا،عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک کےلئے ملتوی کردی۔
کیا قائم مقام صدر آرڈیننس پاس کرسکتا ہے یا نہیں؟ اسلام آباد ہائیکورٹ


















