ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ:(میاں افتخار احمد)ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے جائزہ اجلاس منعقد ہو، اجلاس میں منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد جواد سردار نے شہر میں جاری ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 67 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ، جن میں ہائر ایجوکیشن، اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، روڈز، پبلک بلڈنگ،انڈسٹریز کامرس اینڈ انویسٹمنٹ، گورننس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایمرجنسی 1122 اور اوقاف کی سکیمیں شامل ہیں،67 ترقیاتی سکیموں میں سے 34 مکمل ہوگئی ہیں۔

نعیم سندھو نے تمام سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال میں گورنمنٹ کی جانب سے متعلقہ ترقیاتی سکیموں کیلئے جو فنڈز جاری کئے گئے ہیں انہیں فوری طور پرسکیموں پر استعمال کریں،موجودہ مالی سال کے ختم ہونے سے پہلے کام ہر صورت مکمل کریں تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی کوالٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔