فیصل آباد:(سید صداقت علی شاہ)پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے بجٹ میں ناروا ٹیکس لگانے پر فیکٹریوں کی چابیاں حکومت کے حوالے کر دیتے ہیں، ہم فیکٹریاں بند کر کے ایتھوپیا چلے جائیں گے ، حکومت خود انڈسٹری چلا لے، اگر سیاسی فیصلے کرنے کا عمل جاری رہا تو پھر کوئی سیدھا کرنے آ جائے گا۔
پی ایچ ایم اے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سنٹرل چیئرمین پی ایچ ایم اے سید ناہد عباس نے کہا حکمران غیرملکی سرمایہ کاری ڈھونڈ رہے ہیں لیکن اس کی بجائے ایکسپورٹ بڑھائی جائے،تنخواہ دار افراد پر بھی ٹیکس بڑھانے سے انڈسٹری پر اثر پڑے گا، مجوزہ ٹیکس رجیم سے پیداواری لاگت بڑھے گی جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔
سابق چیئرمین ہوزری ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن سلامت علی نے کہا ایکسپورٹرز کےلئے بجلی ، گیس ، انکم ٹیکس ، مارک اپ بڑے مسائل ہیں، فکس ٹیکس کےساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے، مارک اپ22 فیصد سے سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے۔
صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس خرم طارق نے کہا یہ پہلا بجٹ ہے جس میں کاروباری برادری کی سفارشات شامل نہیں، سات بجٹ کمیٹیوں کے ارکان اپنے اداروں کی نمائندگی کر رہے ہیں، بجٹ فیصلہ کرے گا کہ ملک میں انڈسٹری رہے گی یا نہیں، بجٹ میں تمام اقدامات اینٹی بزنس ہیں،صدر چیمبر آف کامرس نے کہانظام ناانصافی کی طرف جا رہا ہے اور سترہ ہزار کاروباری افراد دبئی منتقل ہو چکے ہیں، ہم اپنا کاروبار بچانے کےلئے ایتھوپیا بھی چلے جائیں گے،حکمران ٹیکس بڑھانے کی بجائے اپنے اخراجات کم کریں، حکومت نے سات سال سے ایکسپوررٹرز کے ریفنڈ کلیم کے 38 ارب روپے ادا نہیں کئے، انہوں نے جو قرضے لئے ان کی شفافیت پر سوال ہے۔
تنخواہ دار افراد پر ٹیکس بڑھانے سے انڈسٹری پر اثر پڑے گا،پاکستان ہوزری مینوفیکچررز
















