وفاق کے اگلے روز پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا : مجتبیٰ شجاع الرحمن

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ پیش کئے جانے کے اگلے روز پنجاب کا بجٹ پیش کر دیا جائیگا ، تنخواہوں اور پنشن میں 10سے 15فیصد اضافہ کئے جانے کا امکان ہے ، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اگلے سال تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ یہ اطلاعات ہیں کہ وفاقی حکومت 11جون کو بجٹ پیش کر رہی ہے اگر ایسا ہوا تو پنجاب حکومت 12جون کو بجٹ پیش کرے گی ، یہ بھی اطلاعات ہیںکہ وفاقی حکومت 12جون کو بجٹ پیش کرے گی اگر ایسا ہو تو ہم اس سے اگلے روز بجٹ پیش کریں گے۔ قابل تقسیم محاصل سے پنجاب کو کتنا حصہ ملے گا اس تناسب سے بجٹ کا حجم ہوگا ۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے معاملے میں وفاقی حکومت کی پیروی کی جائے گی ، تنخواہوں اور پنشن میں 10سے15فیصد اضافے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ پروگریسو اور عوام دوست بجٹ ہوگا ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جن نئی سکیموں کا اعلان کیا گیا ہے بجٹ میں ان کے لئے فنڈز رکھے جارہے ہیں۔ تین ماہ میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں کمی آئی ہے ، مہنگائی جو گزشتہ تین سے چار سال سے 30فیصد کی سطح پر تھی وہ 20فیصد پر آ گئی ہے، ہماری کوشش ہے اگلے سال تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لے کر آئیں ۔انہوںنے کہا کہ 14اگست کو کسان کارڈ کاافتتاح ہوگا اورکسانوں کےلئے 400ارب روپے کا پیکج دیا جائے گا، پبلک ٹرانسپورٹ کےلئے غیر ملکی کمپنیوں سے بات چیت چل رہی ہے۔