لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سودی نظام ملکی معیشت کی تباہی و بربادی کا دوسرا نام ہے۔ یہ اللہ اور رسول سے کھلی جنگ ہے جس کا خاتمہ کئے بغیر ملک و قوم کو کمر توڑ مہنگائی اور خوفناک قرضوں سے کسی صورت چھٹکارہ نہیں مل سکتا۔ وہ آج جامعہ عمر بن عبد العزیز گلبرگ میں مختلف مکاتب کے علماءو مشائخ کے انسداد سود کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں مولانا شعیب الرحمن قاسمی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، مولانا سید عاشق حسین شاہ، مولانا عبدالستار نیازی، پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا ضیاءالرحمن فاروقی، میاں اصغر، مولانا محمد عبداللہ مدنی، مولانا حافظ ذوالقرنین اور قاری صہیب بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ملکی معیشت اور اقتصادیات کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے کہ ملک کی تمام آمدن سے بھی سینکڑوں ارب زیادہ قرضوں پر سود ادا کیا جارہا ہے اور یہ سود ہر سال ہزاروں ارب اور زیادہ بڑھ جاتا ہے اور مذہبی جماعتوں، علماءومشائخ کے علاوہ اب تو آئی ایم ایف نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ اس طرح یہ نظام نہیں چل سکتا اور پاکستان کے عیاش اور فضول خرچ حکمران جب تک اپنے بےجا اخراجات میں کمی نہیں لاتے اور سادگی اختیار نہیں کرتے اور مزید سے مزید ٹیکس لگا کر سارا بوجھ عوام ڈالتے جائیں گے تو اس طرح کبھی بھی معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ آخر میں علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سودی قرضوں کا معاملہ انتہائی خطرناک ہوچکا ہے۔ یہ ملکی آزادی اور استحکام کے لئے وارنگ بن چکا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں متحد ہو کر سودی نظام کے خاتمہ کی زبردست عوامی تحریک چلائیں کیونکہ سودی نظام کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر ملکی معیشت کو بچانے کا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان بہت جلد سود کے خلاف ایک ملک گیر تحریک شروع کرنے کے لئے لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے گا جس میں دیگر تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئیندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا
سودی نظام ملکی معیشت کی مکمل تباہی و بربادی کا دوسرا نام ہے: علامہ زبیر احمد ظہیر
















