پنجاب میں سرکاری، نجی شعبے کا شراکت داری ماڈل دیگر صوبوں کے بھی کام آئیگا :مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب کی زیر صدارت پہلی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہواجس میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، سرمایہ کار، ڈویلپرز، چیمبر آف کامرس اور پن بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مریم اورنگزیب نے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے کیلئے پہلی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہواجس کے تحت قائد نوازشریف کے 1992 کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وژن پر مریم نوازشریف نے دوبارہ عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب بنتے ہی مریم نوازشریف نے سرکاری اور نجی شراکت داری کے پنجاب کے حقیقی ماڈل پر کام کا آغاز کیا، لاہوراسلام آباد موٹروے قائد نوازشریف کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا کامیاب منصوبہ تھا۔ پنجاب کی معیشت سوا 2 ارب امریکی ڈالر ہے ، دنیا کے 33ممالک کا جی ڈی پی پنجاب سے کم ہے۔شدید تنقید اور بے بنیاد الزامات کی بارش کے باوجود وقت نے نوازشریف کے وژن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو کامیاب ثابت کیا۔کامیاب ممالک کے تجربات اور طریقوں سے ایک قدم آگے بڑھ کر پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل تیار کررہے ہیں، ضروری اصلاحات، قابل عمل اور رکاوٹوں سے پاک طریقہ کار کاخاکہ تیار کرلیا ، وزیراعلیٰ جلد منظوری دیں گی ، نجی شعبے اور ماہرین کی تجاویز فریم ورک میں شامل ہوں گی، روڈز کے شعبے پر خصوصی توجہ ہوگی۔اس موقع پر وزیرمواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرپرستی میں دو ماہ کے دوران پنجاب حکومت نے بہت محنت سے کام کیا ہے۔روڑ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے پرائیویٹ انوسٹرز کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، ڈویلپرز و سرمایہ کاروں کے تحفظات کو دور کریں گے۔ پنجاب کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں دن رات محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پرائیویٹ انویسٹر اور ڈویلپرز کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے۔ سی اینڈ ڈبلیو پی پی پی موڈ کی کامیابی کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دیگا۔صوبائی وزیر تعمیر ات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ لوگ گورنمنٹ کے ساتھ انویسٹ نہیں کرنا چاہتے مگر اب حالات بدل گئے ہیں۔ کانفرنس میں، چیمبر آف کامرس، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی، پرائیویٹ انوسٹر اور ڈویلپرز، بزنس مینز نے شرکت کی ،کانفرنس میں شرکت کرنے والے نمائندگان نے کانفرنس میں اپنی تجاویز پیش کیں۔