لاہور ( خبر نگار ) چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید نے خرابی صحت کو جواز بنا کر مزید رخصت طلب کرلی، مرحلہ وار ڈیڑھ ماہ سے زائد چھٹیوں پر رہنے سے محکمے کے اعلیٰ افسروں کو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ ” کانٹوں کی سیج“ پر مزید کام جاری رکھنے کیلئے راضی نہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیف آفیسر اقبال فرید کو اندرونی و بیرونی جانب سے سخت ذہنی اذیت کا سامنا ہے، دباﺅ کا لیول برداشت سے باہر ہونے کے بعد مستقل چیف افسر کی تعیناتی کیلئے راستہ کھلا چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سابق چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن علی عبا س بخاری کو جن سفارشیوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایڈمن ڈائریکٹوریٹ جنرل انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ لوکل گورنمنٹ تعینات کرایا ہے انہوں نے کافی عرصہ سے پھنسے ہوئے اپنے ایک کام کی خاطر انہیں ڈائریکٹر جنرل آئی اینڈ ایم کی اضافی ذمہ داریاں بھی فراہم کروا رکھی ہیں تاکہ ” کھلارا“ قابو میں رہے اور ساتھ یہ بھی خوشخبری سنا دی ہے کہ انکا کام ہونے کے بعد انہیں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سیٹ پر اضافی تعیناتی کروا دی جائیگی تاہم ذرائع نے خبر دی ہے کہ علی عباس بخاری نے اپنے سفارشیوں کو یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کی ہے کہ انکا کام انہیں ملنے والے دو عہدوں کے علاوہ چیف افسر کے عہدے سے بھی جڑا ہوا ہے لہٰذا کوئی بھی کمزور اعصابی شخصیت کا حامل چیف افسر یہ کام کرنے کیلئے قطعی طور پر راضی نہیں ہوگا اسلئے جتنی جلدی ہو سکے انہیں چیف افسر کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی جائیں تاکہ کام میں خلل نہ پڑے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جس کام کیلئے علی عباس بخاری کو ڈائریکٹر جنرل آئی اینڈ ایم کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہے اس میں مبینہ طور پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی ایک پیج پر ہیں۔
کانٹوں کی سیج پر مزید کام سے گریز،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کی خرابی صحت کے باعث مزید رخصت
















